پاکستان ریلویز نے 15ارب 96کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کرلیا
اسلام آباد (اے پی پی) 10جون 2013ءسے لیکر 28فروری 2014ءکے دوران پاکستان ریلویز نے 15ارب 96کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا ہے ۔ مسافر گاڑیوں کی بحالی اور نظام الاوقات میں بہتری اور بہتر انتظامی اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان ریلویز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے اور گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد بڑھی ہے جبکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کے ریلیف کیلئے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا جس سے مسافروں نے روزانہ ریل کے ذریعہ سفر کو ترجیح دینی شروع کی ہے جبکہ مالی بردار گاڑیوں کے آغاز سے محکمہ کی آمدنی میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔ چین سے نئے انجنوں اور بوگیوں کی وصولی اور پرانے ریلوے انجنوں کی بحالی سے بھی ریلوے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔