استنبول میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیکس چوری کا الزام
استنبول (بیورو رپورٹ)ترکی کے وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیکس چوری کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر اور اس جیسی دیگر ویب سائٹس ترکی سے بزنس تو حاصل کرتی ہیں لیکن ملکی قوانین کے مطابق ٹیکس ادا نہیں کرتیں۔ ترک وزیر اعظم کی جانب سے ٹی وی پر کی جانے والی تقریر میں کہا گیا کہ ٹوئٹر ٹیکس چور کی طرح ہے اور یہ کاروباری فوائد کو ترکی کے مفادات سے اوپر رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ 20مارچ کو ترکی نے سماجی رابطوں کی اس ویب سائٹ پر پابندی لگادی تھی جسے بعد ازاں عدالت کی مداخلت پر اٹھانا پڑا۔ اس حوالے سے طیب اردگان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عدالتی فیصلے پر عمل کیاہے لیکن اس کا احترام نہیں کرتے۔ اسی طرح ترک حکومت نے یوٹیوب پر بھی پابندی لگارکھی ہے اور حکام نے گزشتہ ہفتے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود یہ پابندی اٹھائی نہیں جائے گی۔اب طیب اردگان نے کہا ہے کہ وہ ٹوئٹر کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچاکر دم لیں گے۔