وادی تیرہ میں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری،گروپ لیڈر سمیت 7ہلاک

وادی تیرہ میں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری،گروپ لیڈر سمیت 7ہلاک

  

                                              خیبر ایجنسی (آن لائن ،آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر ایجنسی کے دور افتادہ علاقے وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان کے ایک گروپ کے سربراہ چنگریز سمیت سات افراد مارے گئے۔پاک فضائیہ کے طیاروں نے طالبان گیدڑ گروپ کے ٹھکانوں پر بمباری کی، تنظیم کے نائب سربراہ ایوبی کے مارے جانے کی بھی اطلاع ہے۔چنگریز نے جمعہ کے ر وز خیبر ایجنسی کے علاقے میں میلے سے شیخ ملیا خیل اور قمبر خیل کے پچاس سے زائد افراد کو یرغمال بنالیا تھا جس میں سے بیشتر افراد کو رات گئے بازیاب کرایا گیا، تاہم سات افراد ابھی تک دہشت گردوں کی تحویل میں ہیں۔ جس کے باعث فورسز کی یہ کاروائی عمل میں لائی گئی۔دوسری طرف طالبان رابطہ کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر مولانا یوسف شاہ نے طالبان میں گروپ بندی کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ حکومتی کمیٹی سے پیر کے روز (آج) مذاکرات ہوں گے، کوہاٹ میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں طالبان گروپوں کے درمیان لڑائی مرکزی شوریٰ نے بند کرادی ہے۔دریں اثناءکراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان رابطہ کمیٹی کے رکن پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ حکومت مذاکراتی عمل میں سستی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -