فوج کا آئینی کردار سب کو عزیز ہے، غیر آئینی اقدام کی مذمت ہو گی،سعد رفیق

فوج کا آئینی کردار سب کو عزیز ہے، غیر آئینی اقدام کی مذمت ہو گی،سعد رفیق

  

  لاہور(جنرل رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عدلیہ فیصلے کرتی ہے اور فوج ہمارا تحفظ کرتی ہے اس لئے ان پر تنقید نہیں ہونی چاہیے ، فوج کا پروفیشنل اور آئینی کردار ہر پاکستانی کو دل و جان سے عزیز ہے لیکن جب غیر آئینی اقدام ہوگا تو قوم اور تاریخ اسکی مذمت کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ایم ایس ایف کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد‘ ریاض احمد فتیانہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں نے گزشتہ دنوں جو باتیں کہی تھیں شاید ان سے کسی کو رنج پہنچا ہو لیکن میں نے جو کہا تھا وہ سچ ہے اور اسی لئے میں نے کہا تھاکہ میں اپنی باتوں پر قائم ہوں۔ عدلیہ انصاف کرتی ہے اور ہمیں اسکے فیصلے ماننے پڑتے ہیں جبکہ فوج ہمارا تحفظ کرتی ہے ۔ دونوں حساس ادارے ہیں اور ان پر تنقید نہیں کرنی چاہیے ۔ سیاچن پر موجود سپاہی کو تنخواہ نہیں لڑاتی بلکہ اس کا جذبہ لڑاتا ہے اور کون سا پاکستانی ہے جو پاک فوج کو سلیوٹ نہیں کرتا لیکن غیر آئینی حرکت جو بیگاڑ کا باعث بنتی ہے قوم او رتاریخ اسکی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے انشا اللہ اس ملک کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے ریلوے کی وزارت سنبھالی تھی تو کہہ دیا تھاکہ ریلوے میں سیاست نہیں چلے گی ۔ میرے آنے کے بعد سیاسی بنیادوں پر ریلوے کا ایک بھی سٹاف نہیں بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے پیشرفت کر رہی ہے اور انشا اللہ ہم سر خرو ہوں گے۔ سردار عتیق احمد نے کہا کہ ہم غیر مشروط طور پر پاکستان کے شہری ہیں ۔پاکستان کو تجارت کے نام پر قربان نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی طاقتیں پاکستان میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا یہاں قائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج کا کوئی مقابلہ نہیں ہماری افواج بھارت کی افواج کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔سعد رفیق

مزید :

صفحہ آخر -