مودی وزیراعظم ہونگے ،کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے،ایڈوانی
احمد آباد (آئی این پی ) بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما لال کرشن ایڈوانی نے کہاہے کہ نریندرموودی ملک کے اگلے وزیراعظم ہونگے اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے،پارٹی مجھے جو بھی ذمہ داری دے گی ادا کرنے کو تیار ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈوانی نے کہاکہ اس مرتبہ نریندر موودی کی سربراہی میں حکومت بنے گئی اس میں کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔انھوں نے مزیدکہاکہ پارٹی مجھے جو بھی ذمہ داری دے گی ادا کرنے کو تیار ہوں ۔
نئی دلی(آئی این پی) بھارت میں پارلیمانی انتخابات جاری ہیں اور انتخابی گہما گہمی اپنے عروج پر نظر آتی ہے،بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت اعظمی کے امیدوار نریندر موودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ مودی نے بھی کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ نریندر مودی جو وعدے کررہے ہیں انہیں کبھی بھی پورا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی پوری انتخابی مہم صرف ایک شخص کے گرد گھومتی نظر آتی ہے، بی جے پی کے موجودہ منشور میں کوئی نئی بات نہیں اور اس کا مقصد صرف اور صرف معاشرے کو تقسیم کرنا ہے۔ دوسری جانب پونا میں انتخابی مہم کے دوران نریندر مودی نے کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ من موہن سنگھ برائے نام وزیر اعظم تھے، حکومتی معاملات اصل میں سونیا گاندھی دیکھتی تھیں۔ مودی نے حال ہی میں شائع ہونے والی سنجے بارو کی کتاب کا حوالہ دیا اور کہا کہ کتاب میں صاف کہا گیا ہے کہ تمام اہم سرکاری امور سونیا گاندھی دیکھتی تھیں اور عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ کس طرح وزیر اعظم کے عہدے کی ساکھ کو تباہ کیا گیا۔ اب تک بھارتی انتخابات کے چار مراحل ہوچکے ہیں جبکہ 17 اپریل کو پانچویں مرحلے میں 122 نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔