موٹر سائیکل کھمبے سے ٹکرانے پر محنت کش کمسن بیٹے سمیت جاں بحق

موٹر سائیکل کھمبے سے ٹکرانے پر محنت کش کمسن بیٹے سمیت جاں بحق

  

                                                                          لاہور(لیاقت کھرل) ہربنس پورہ کے علاقہ کینال روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل کھمبے سے ٹکرانے پر 33سالہ محنت کش عابد رسول کمسن بیٹے سمیت جاں بحق ، محنت کش کی اہلیہ اور دو کم سن بچے شدید زخمی ہو گئے، زخمی خاتون فضیلت بی بی پر غشی کے دورے پڑتے رہے، پولیس نے باپ بیٹے کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی ہیں جبکہ زخمی خاتون کو دو کمسن بچوں سمیت مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ساہیوال کا رہائشی 33سالہ عابد رسول تین کمسن بچوں کا باپ اور جلو گاﺅں میں ایک بھٹہ پر مزدوری کرتا تھا اور بچوں سمیت جلو گاﺅں میں سسرال کے ہاں رہائش پذیر تھا۔وہ دو روز قبل جلو گاﺅں سے اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ اپنے والدین کو ملنے ساہیوال گیا تھا اور گزشتہ روز اپنی اہلیہ اور تین کمسن بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ساہیوال سے جلو گاﺅں لاہور آ رہا تھا کہ ہربنس پورہ کے علاقہ میں کینال روڈ پر موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی جس کے باعث عابد رسول اور اس کا پانچ سالہ بڑا بیٹا سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ اہلیہ فضیلت بی بی، چار سالہ بیٹی اورڈیڑھ سالہ بیٹے سمیت شدید زخمی ہو گئی، زخمی ہونے والی خاتون فضیلت بی بی پر خاوند عابد رسول اور کمسن بیٹے کی ہلاکت پر سکتہ طاری ہو گیا اور غشی کے دورے پڑنے لگے۔ ریسکیو 1122کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر فضیلت بی بی اور اس کے بیٹے کو سروسز ہسپتال میں جبکہ کمسن بیٹی کو گھر کی ہسپتال میں داخل کروا دیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محنت کش عابد رسول کے گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔متوفی محنت کش عابد رسول کے سسر محمد صدیق اور ہم زلف الیاس نے ”پاکستان“ کو بتایا کہ عابد رسول والدہ کے بیمار ہونے پرکمسن بچوں اور اہلیہ سمیت والدہ کی تیمار داری کرنے ساہیوال گیا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ ساتھی مزدوروں اور عزیز و اقارب ندیم احمد، حاجی یوسف، علی حیدر اور وقاص احمد نے ”پاکستان“ کی وساطت سے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ محنت کش عابد رسول اور اس کے کمسن بیٹے کی ہلاکت کا نوٹس لیکر مالی امداد کا اعلان کریں اور زخمی ہونے والے کمسن بچوں اور ان کی ماں فضیلت بی بی کے مفت علاج و معالجہ کیلئے محکمہ صحت کے حکام کوحکم دیں، دوسری جانب زخمی ہونے والی خاتون فضیلت بی بی اور اس کے کمسن بچوں کی حالت ہسپتال میں تشویشناک بتائی گئی ہے۔

مزید :

علاقائی -