جموں و کشمیر قانون ساز کونسل‘ عنایت چیئرمین ،جہانگیر نائب چیئرمین منتخب

جموں و کشمیر قانون ساز کونسل‘ عنایت چیئرمین ،جہانگیر نائب چیئرمین منتخب

 سرینگر (آئی این پی)قانون ساز کونسل میں اتوار کوبا اتفاقِ رائے سے بالترتیب پی ڈی پی کے حاجی عنایت علی کوچیئرمین اور کانگریس کے جہانگیر حْسین میر کو قانون ساز کونسل کا نائب چیئرمین منتخب کیا گیا۔چیئرمین اور نائب چیئرمین کے انتخاب کے لئے وزیر تعلیم نعیم اختر جو کہ ایوان کے لیڈر بھی ہیں، نے تحریک پیش کی جس کی تائید ایم ایل سی رمیش اروڑہ نے کی۔نو منتخب چیئرمین اور نائب چیئرمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ مخلوط حکومت نے حزبِ اختلاف کے ممبر کو ایوان بالا کا نائب چیئرمین منتخب کر کے ایک تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا ’’ ہم نے ریاست کے ایوانوں میں ا ہم حزبِ اختلاف نیشنل کانفرنس کو ایوان زیریں اور ایوان بالا میں کانگریس کو مقام دینے کا فیصلہ کیا کیوں کہ بی جے پی اور پی ڈی پی ریاست کی حکمرانی کے لئے نہیں بلکہ ریاست کو مشکلات سے باہر نکالنے اور عوامی خدمت کے لئے کام کرے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے سبھی جماعتوں کے تعاون سے ریاست میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مزیدمستحکم بنایا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مخلوط حکومت ریاست کے ہر خطے اور طبقہ کی نمائندگی کو یقینی بنائے گی تا کہ بین الصوبائی اور متعدد طبقوں کے درمیان بھائی چارے کے رشتوں کو مزید استوار بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سماج کے ہر طبقہ کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے گورننس میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی چیئر مین نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس عہدے کے لئے انہیں منتخب کرنے کے لئے ایوان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر وزیر مملکت برائے امداد باہمی اور امور لداخ سرینگ دورجے کے علاوہ غلام نبی مونگا، سجاد احمد کچلو، نریش کمار گپتا، مظفر احمد پرے، ظفر اقبال منہاس، صوفی یوسف، ڈاکٹر بشیر احمد شاہ، یاسر ریشی، ڈاکٹر شہناز گنائی اور فردوس ٹاک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مزید : عالمی منظر


loading...