ظہیر خان اور محمد شامی کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ سے آؤٹ
نئی دہلی ( نیٹ نیوز) بھارتی فاسٹ باؤلرز ظہیر خان اور محمد شامی فٹنس مسائل کی وجہ سے کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔ دونوں کھلاڑی آئی پی ایل کی فرنچائز دہلی ڈیئر ڈیولز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انجریز کی وجہ سے وہ لیگ کے پہلے دو میچز نہیں کھیل سکے تھے۔ دہلی ڈیئر ڈیولز کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں کھلاڑی معمولی انجریز کا شکار ہیں، وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں اور بہت جلد فٹ ہوکر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں ینگ باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو خوش آئند ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دونوں فاسٹ باؤلر (کل) بدھ کو کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔