آل پاکستان چیمبرزسیکریٹری جنرلز کانفرنس کا آغاز

آل پاکستان چیمبرزسیکریٹری جنرلز کانفرنس کا آغاز

 لاہور(کامرس رپورٹر)دوروزہ آل پاکستان سیکریٹری جنرلز کانفرنس کا آغاز مقامی ہوٹل میں ہوگیا جس میں لاہور چیمبر کے سیکریٹری جنرل شاہد خلیل، سائپ کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حماد صدیقی سمیت مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکریٹری جنرلز نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سائپ کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حماد صدیقی نے ملک کی معاشی بہتری کے لیے تجارتی تنظیموں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے چیمبرز اور تجارتی ایسوسی ایشنوں کی کپیسٹی بلڈنگ پر زور دیا۔ لاہور چیمبر کے سیکریٹری جنرل شاہد خلیل نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تجارتی تنظیموں کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پالیسی سازی میں لاہور چیمبر کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے شاہد خلیل نے کہا کہ لاہور چیمبر تاجر برادری اور حکومت کے پل کا کردار ادا کررہا ہے۔ یہاں سو سے زائد سٹینڈنگ کمیٹیاں قائم ہیں جو تجارتی و معاشی معاملات پر فیڈ بیک دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر غیرملکی سفارتخانوں کے کمرشل سیکشنز سے بھی رابطہ رکھے ہوئے ہے تاکہ تجارت سے متعلقہ معلومات کا تبادلہ یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ لاہور چیمبر سماجی شعبے میں بھی پوری طرح فعال ہے ۔ نہ صرف قدرتی آفات کے موقع پر لاہور چیمبر فورا حرکت میں آتا ہے بلکہ معذور افراد کی تعلیم و تربیت کے لیے لاہور چیمبر کے زیر اہتمام لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ ) کے نام سے ایک ادارہ بھی کام کررہا ہے۔

مزید : کامرس


loading...