جنوبی پنجاب میں دودھ میلے کا انعقاد‘30اونٹنیوں نے حصہ لیا

جنوبی پنجاب میں دودھ میلے کا انعقاد‘30اونٹنیوں نے حصہ لیا

 لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں 10لاکھ اونٹ پائے جاتے ہیں جن میں سے تقریباً60فیصد صوبہ پنجاب اوران کی اکثریت جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولنگر، بہاولپوراوررحیم یارخان میں پائی جاتی ہے۔ اونٹوں کی دومشہورنسلیں مڑیچااور بریلہ باربرداری،دودھ، گوشت اورریگستان میں سواری کے کام آتی ہیں۔ پاکستان میں بریلہ نسل کااونٹ دنیابھرمیں دودھ کی پیداوارکے لیے مشہورہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں اونٹ پال حضرات میں اونٹوں کی اہمیت اجاگرکرنے اورمویشی پال حضرات کے درمیان ہم آہنگی اورمضبوط پلیٹ فارم بنانے کے لیے دودھ میلے کاانعقاد 10سے12اپریل جوگیت پیرفارم بہاولپورمیں کیاگیاجس میں 30بریڈز کی 57اونٹنیوں نے مقابلہ میں حصہ لیا۔ بریلہ نسل میں شاہد حسین ولد شاہین خان ضلع بہاولنگرکی اونٹنی نے 24گھنٹے میں 11.93کلوگرام دودھ دے کر اوّل پوزیشن حاصل کی۔ محمدامین ولد حق نواز کی اونٹنی نے 11.765کلوگرام دے کردوسرااورعطامحمدولد محمدسعید کی اونٹنی نے 11.315کلوگرام دودھ دے کرتیسراانعام حاصل کیا۔ اسی طرح مڑیچانسل کی اونٹنیوں میں ولی محمدولد غلام علی موضع قائم سر تحصیل یزمان ضلع بہاولپورکی اونٹنی 9.59کلوگرام دودھ دے کرمقابلہ میں اوّل قراردی گئی اسی نسل میں منظوراحمدولد وریام کی اونٹنی ٹیگ نمبرM-5نے 8.845کلوگرام دودھ دے کردوسری جبکہ محمدرمضان ولد حسن بخش موضع ٹوبہ جام سر ضلع بہاولپورکی اونٹنی نے 7.775کلوگرام دودھ دے کرتیسری پوزیشن حاصل کی اس مقابلہ دودھ میں سینکڑوں کی تعدادمیں جنوبی پنجاب کے شائقین نے شرکت کی۔  اس موقع پرفارمرز کی رہنمائی کی کے لیے ڈاکٹراسرارحسین چوہدری ڈائریکٹرکمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن کی ٹیم نے معلوماتی سٹال لگایا اورفارمرزمیں مفت معلوماتی لٹریچر،فزیبلٹیز اورلیف لٹس تقسیم کئے اس کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ آف آرسی سی ایس سی جھنگ اورایڈیشنل ڈائریکٹرپولٹری پروڈکشنجنوبی پنجاب نے بھی سٹال لگائے۔ شرکاء کی تفریخ کے لیے مڑیچانسل کے اونٹوں نے ڈانس بھی پیش کیاجس نے شرکاء کے دل موہ لیے۔ تقریب تقسیم انعامات میں پروفیسرڈاکٹرمحمدیونس صدرپاکستان کیمل بریڈرز ایسوسی ایشن نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی ان کے ہمراہ ڈاکٹرمحمدنوازسعید ڈائریکٹرجنرل(توسیع)، ڈاکٹراسرارحسین چوہدری ڈائریکٹرکمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن، ڈاکٹرمحمدخالدخان ڈائریکٹرلائیوسٹاک فارم، ڈاکٹرمنصوراحمدڈائریکٹرسمال ریومیننٹس ملتان، ڈاکٹرمحمدمنیرگل فارم سپرنٹنڈنٹ جوگیت پیر، ڈاکٹراصغررامے ڈائریکٹرچولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسربہاولپور، بہاولنگر، رحیم یارخان اوران کے ویٹرنری آفیسرز ،ویٹرنری اسسٹنٹس بھی موجودتھے۔ مہمان خصوصی نے دونوں نسلوں کی (مڑیچااوربریلہ)میں اول،دوئم اورسوئم آنے والی اونٹنیوں کے مالکان میں 1لاکھ،50ہزار اور25ہزارکے نقدانعامات ،ٹرافیاں اورتعریفی اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پرڈاکٹرمحمدنوازسعیدڈائریکٹر جنرل (توسیع)نے تمام شرکاء کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ محکمہ اونٹنیوں کے دودھ کی میڈیکل اہمیت سے مکمل طورپرآگاہ ہے اورکوشش کی جارہی ہے کہ مستقبل قریب میں چولستان میں کیمل بریڈنگ ریسرچ انسٹیٹیوٹ اورملک پراسیسنگ پلانٹ لگایاجائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس میلے کاانعقاد ہرسال کیاجائے گا تاکہ لوگوں میں اعلیٰ نسل کے اونٹ پالنے کاجذبہ پیداہوسکے۔

مزید : کامرس


loading...