برآمدات بڑھانے کیلئے افریقی خطے پر توجہ دی جائے: آغا ایم عمر فاروق
اسلام آباد ( آن لائن ) نائیجریا کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ آغا ایم عمر فاروق نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے تاجر برادری پر زور دیا کہ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو بہتر طور پر فروغ دینے کیلئے افریقہ کے ممالک پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ پاکستان کیلئے اس خطے کے ساتھ کاروبار کو بہتر کرنے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نائیجریا ایک ہائی رسک ملک ہونے کے باوجودپاکستانی سرمایہ کاروں کے لئے زراعت ، کھاد، مشروبات، ٹریکٹرز، موٹر سائکلزاور ریکشہ مینوفیکچرنگ سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع رکھتا ہے اور اس کے علاوہ افریکن مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کی بھی عمدہ گنجائش موجود ہے۔آغا ایم فاروق نے کہا کہ افریکہ آنے والے وقتوں میں دنیا کیلئے خوراک پیدا کرنے والا خطہ بن کر سامنے آ رہا ہے لہذاپاکستانی سرمایہ کاروں کے لئے یہی مناسب وقت ہے کہ وہ نائجیریا میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کر کے اس شعبے میں منافع بخش نتائج حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نائیجیریا میں پاکستانی ٹیچرز اور ڈاکٹرز نے اچھا نام پیدا کیا ہے جس سے استفادہ حاصل کر کے باہمی تجارت و اقتصادی تعلقات بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چائیے کہ وہ نائیجیرا میں ویئرہاؤسز قائم کرے اور نجی شعبہ ان سہولتوں کے قیام کیلئے مالی معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ نائیجیریا اپنے 11 بنکوں کی نجکاری کرنا چاہتا ہے لہذا پاکستانی بنکوں کو چائیے کہ وہ نائیجریا میں بنکوں کو خریدنے پر غور کریں۔ جس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نائیجریا میں پاکستان کا سفارتخانہ پاکستانی تاجروں کو نائیجریا کا دورہ کرنے میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بیرونی ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانے پاکستان کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ ہمیشہ رابطے میں رہے اور بیرونی ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کے بارے میں نئے موقع تلاش کر کے نجی شعبے کو آگاہ کرتے رہا کریں جس سے برآمدات کو موثر انداز میں فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں قائم ہمارے سفارتخانے پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹینگ کرنے میں بھی اپنا فعال کردار داد کریں جس سے پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے میں مددکافی مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کو چائیے کہ پاکستان کے تجارتی وفود کے بیرونی دوروں کے موقع پر ان سے ہر ممکن تعاون کریں اور انہیں غیر ملکی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کرنے کے سلسلے میں تمام ضروری سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے نائیجیریا میں پاکستانی سفارتخانے پر زور دیا کہ کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی سنگل کنٹر ی نمائش کے انعقاد میں تعاون کرے تاکہ نائیجیریا کی مارکیٹ میں پاکستان کی مصنوعات متعارف کرا کے افریکن خطے میں بہتر رسائی حاصل کی جا سکے۔