ترسیلات زر میں اضافے کیلئے تمام ادارے کوششیں کریں ،اسحاق ڈار

ترسیلات زر میں اضافے کیلئے تمام ادارے کوششیں کریں ،اسحاق ڈار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (اے پی پی) حکومت کی ترسیلات زر سکیم کے تحت رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ 2014-15ء) کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 13.3 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے فنانس ڈویژن کی ترسیلات زر کی سکیم (پی آر آئی) کی غیر معمولی حمایت اور اس میں شرکت کو سراہتے ہوئے اس کی کامیابی پر فنانس ڈویژن، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر بینکوں کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ پیر کو اس حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مارچ 2015ء کے اختتام پر ترسیلات زر کا حجم 13.3 ارب ڈالر رہا جو گذشتہ سال کے اسی عرصہ میں ہونے والی ترسیلات زر سے 15 فیصد زیادہ ہے، بیرون ملک سے بینکنگ ذرائع سے رقوم بھجوانے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔   پی آر آئی سکیم کے تحت اپریل تا جولائی 2015ء کے دوران بینکوں کو ترسیلات زر کی فیس کی مد میں بقایا جات بھی ادا کئے جائیں گے۔ وزارت خزانہ اپریل میں بینکوں کو ادائیگی کیلئے 3 ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کر چکی ہے، مئی کے اختتام تک 3.8 ارب روپے ادا کئے جائیں گے جبکہ مزید 3 ارب روپے جولائی میں ادا کئے جائیں گے۔    اجلاس میں ترسیلات زر کو فروغ دینے کیلئے متعارف کرائی گئی نئی سکیم پر اطمینان کا اظہار اور قرار دیا کہ اس کے نتیجہ میں ترسیلات زر میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔  اس موقع پر وزیر خزانہ نے فنانس ڈویژن، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر کمرشل بینکوں پر زور دیا کہ سکیم کے تحت ترسیلات زر میں مزید اضافہ کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔

مزید :

کامرس -