شہر کی پسماندہ گلیوں کو ماڈل انداز میں نکھار ا جائیگا
لاہور(جنر ل رپورٹر)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) اور پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے باہمی تعاون سے لاہور کی قدرے پسماندہ گلیوں کو ماڈل اندازمیں نکھارا جائے گا اور شہریوں بالخصوص مکینوں کے مابین اپنی اپنی گلیوں میں صفائی و خوبصورتی برقرار رکھنے کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا مہم کے سلسلے میں دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ منیجنگ ڈائریکٹر ایل ڈبلیوایم سی خالد مجید اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے میاں شکیل نے باہمی یاداشت کے مسود ے پر دستخط کئے اس موقع پر ایل ڈبلیوایم سی کی طرف سے کمپنی سیکرٹری مظفر اسلام، سربراہ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور، سینئر منیجر پلاننگ آصف اقبال، سینئر منیجر آپریشنز سہیل ملک جبکہ پی ایچ اے کی جانب سے ڈائریکٹر مارکیٹنگ مدثر اعجاز اور ڈائریکٹر شہزاد طارق بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی اور پی ایچ اے ابتدائی طور پر 9 ٹاؤنوں کی 27 منتخب گلیوں میں صفائی اور شجر کاری کی شکل میں احسن اقدامات اٹھائیں گے اور صفائی ستھرائی و خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے علاقہ مکینوں کو شامل اور متحرک کیا جائے گا۔ متعلقہ علاقوں میں ڈیوٹی پر موجود عملہ کی حاضری و کارکردگی رپورٹ میں بھی مکینوں یا ان کی طرف سے منتخب نمائندوں کی آراء کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور بہترین انداز میں ذمہ داری نبھانے والے شہریوں کی تعریفی اسناد کی شکل میں حوصلہ افزائی کی جائے گی۔کامیابی کی صورت میں کلین و گرین سٹریٹس مہم کوبتدریج پھیلاتے ہوئے لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی خالد مجید نے کہا کہ یہ مہم ایل ڈبلیوایم سی یا پی ایچ اے کی مہم نہیں ہے بلکہ یہ مہم کمیونٹی کی ہے جن کی حصہ داری و شمولیت کے بنا اس کی کامیابی نا ممکن ہے۔