کنٹونمنٹ بورڈ میں تحریک انصافکی انتخابی مہم زور و شور سے جاری

کنٹونمنٹ بورڈ میں تحریک انصافکی انتخابی مہم زور و شور سے جاری

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم زورو شور سے جاری ہے پی ٹی آئی لاہورکینٹ وارڈ نمبر 1کے امیدوار محمد علی خان کے انتخابی دفتر کا افتتاح صدر بازار کے علاقے میں ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے کیاجبکہ شعیب صدیقی ، فرخ جاوید مون اور شیخ عامر کے علاوہ مقامی رہنماحیات خان، گل بشر خان، حافظ شہزاد خان، ستار خان، حاجی آصف معاویہ، صابر حفیظ بٹ،مظہرحفیظ بٹ اور ملک زیب بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر شعبے کا بیڑہ غرق ہوچکاہے حکومت کی نااہلی اور کرپشن مکمل طورپر عیاں ہے۔ لوڈشیڈنگ موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی عذاب بن چکی ہے اور حکمرانوں نے طفل تسلیوں کے سوا عملی طور پر ایک ٹکے کا کا م بھی نہیں کیا انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں سروسز ہسپتال سمیت اہم ادارے بجلی سے محروم ہیں ان حالات میں عام آدمی آزمائی ہوئی نواز لیگ کو دوبارہ چانس نہیں دے گا اور 25اپریل کے کینٹ کے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔عبدالعلیم خان نے لاہور کینٹ کی وارڈ نمبر 1میں پارٹی امیدوارمحمدعلی خان کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم میں بھی حصہ لیاجہاں لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے،پھولوں کی پتیاں نچھاورکی اور 25اپریل کوبلے کے نشان پر مہریں لگانے کااعلان کیا۔مزید برآں پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کی ہدایت پر پارٹی کی خصوصی کمیٹی شعیب صدیقی کی سربراہی میں دن رات کام کررہی ہے جو مئی 2013کے عام انتخابات کی دھاندلی کے دستاویزی ثبوت جوڈیشل کمیشن کے روبرو پیش کریگی ۔ ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...