انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا سمارٹ سکول مانیٹرنگ سسٹم کامیابی سے جاری ہے،ڈاکٹر عمر سیف
لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکاسمارٹ سکول مانیٹرنگ سسٹم صوبہ کے54ہزار سکولوں میں سٹاف اورطلبہ کی حاضری، سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی نشاندہی ، صافپینے کے پانی و مفت کتب کی فراہمی، صحت وصفائی اور بجٹ کی صورتحال سمیت متعدد امور کی موثر نگرانی کے ذریعے بہتری میں اہم کردار ادا کرر ہا ہے ان خیالات کا اظہارپی آئی ٹی بی کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے گزشتہ روزاپنے دفتر میں ایک اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں مانیٹرنگ اسسٹنٹ اپنے علاقہ کے سکولوں میں جا کرروایتی طریقے سے ایک سکول کے معائنہ کے موقع پر ایک فارم پر 250قسم کی معلومات کا اندراج کرتا تھاجس پر کم ازکم پون گھنٹہ لگ جاتا تھا۔اس طرح وہ ایک دن میں دو تین فارم ہی بھجوا سکتا تھا لیکن پی آئی ٹی بی نے گذشتہ سال اگست میں پنجاب کے تمام اضلاع میں تعینات مانیٹرنگ سٹافکوسِم والے950 ٹیبلٹ کمپیوٹر فراہم کیے اور انکے استعمال کے لئے تربیت بھی دی۔اس کے بعد سے اب تک محض چھ سات ماہ میں 4 لاکھ سے زائد فارم اکٹھے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیے گئے ٹیبلٹ کے ذریعے وہ تمام معلومات چند منٹ میں درج کر کے موقع کی تصویر کے ساتھ فوری طور پر محکمہ تعلیم کے مرکزی ڈیش بورڈ کو آن لائن بھیج دیتے ہیں جہاں اعلیٰ حکام اس کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کر سکتے ہیں ۔نیزہرضلع میں اس ڈیٹا کاجائزہ ماہانہ بنیادوں پر ضلعی جائزہ کمیٹی کے اجلا س میں لیا جاتا ہے اور اسکی روشنی میں نظامِ تعلیم کی بہتری و ترقی کے لئے موثر اقدامات کیے جاتے ہیں ۔