حضرت ابو بکرؓ نے مثالی معاشرہ کی تشکیل فرمائی، شہر یار سلطان

حضرت ابو بکرؓ نے مثالی معاشرہ کی تشکیل فرمائی، شہر یار سلطان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(ڈویلپمنٹ سیل) خلیفۃ الرسول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی زندگی ایمانِ خالص ،یقینِ مستحکم اور عشق رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم سے عبارت تھی ۔آپ رضی اللہ عنہ نے ایک ایسے مثالی معاشرے کی تشکیل فرمائی جس میں اعلیٰ انسانی اقدار کو تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق کو فروغ میسر آیا ۔ آپ کا عہدِ خلافت اخوت ،مساوات اورعدلِ اجتماعی کا مظہر اور بلند نصب العین کا آئینہ دار تھا۔ آپ نے اپنے عہدِ خلافت کے آغاز پر پیدا شدہ فتنوں اور رخنوں کو نیشت ونابود کرکے ، جس جرأت واستقلال اورثابت قدمی کا ثبوت دیا، وہ رہتی دنیا تک اُمّت کے لیے مشعل راہ ہے ۔ان خیالات کااظہار سیکرٹری وچیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب محمد شہر یار سلطان ،ڈائریکٹرجنر ل اوقا ف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ،چیئرمین شعبہ اسلامیات پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد سعد صدیقی نے محکمہ اوقاف ومذہبی امور کے زیر اہتمام منعقدہ حضرت سیّدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔      نہوں نے کہا کہ اُمّتِ مسلمہ ،حضرت سیّدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنا کھویا ہوا اعزاز اور وقار بحال کرسکتی ہے ۔ایوان اوقاف لاہورمیں منعقدہ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کی معتبر علمی اور دینی شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری جنرل جمعیت علماء اسلام مولانا امجد خان نے کہا حضر ت ابوبکر صدیق نبی کریم کی زندگی میں سب سے پہلے امامت کرانیوالے،سب سے پہلے مسلمان ہونیوالے،پہلے ہجرت کرنیوالے خلیفہ راشد تھے۔علامہ راغب حسین نعیمی مہتمم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ نے کہا کہ حضور کریم کے بعد سب سے زیادہ حضرت ابوبکر نے تبلیغ کی صورت میں اسلام کو نفع پہنچایا ،موجودہ حالات میں اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جملہ مقررین اورشرکاء نے حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی شخصیت اور دین اسلام کے حوالے سے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔دیگر مقررین میں مولانا حافظ زبیر احمد ظہیرمرکزی نائب صدر جمعیت اہل حدیث، مولانا عبدالخبیر آزاد خطیب بادشاہی مسجد ،ڈاکٹرقاری احمد میاں تھانوی ،مولانا عبدالرؤف ملک ،مولانا محمداکرم کاشمیری ، مولانا مفتی انتخاب احمدنوری ، ڈاکٹر عبدالغفور راشد،مولانا محمدعارف سیالوی ، مفتی محمد اسحاق ساقی ،مولانا حبیب الرحمن اختر اور الحاج سرور حسین نقشبندی نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ خلیفۃ الرسول امیر المؤمنین حضرت سیّدنا ابوبکرصدیق اکبربصیرت وتدبر ، عزم واستقلال ،وفاداری اور ایثار وانفاق کا عظیم مرقع تھے ۔