48ملین روپے فراڈ کیس کے دوملزمان کی مشروط ضمانت منطور،رہائی کاحکم

48ملین روپے فراڈ کیس کے دوملزمان کی مشروط ضمانت منطور،رہائی کاحکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نامہ نگار خصوصی ) لاہورہائیکورٹ نے 48ملین روپے فراڈ کیس کے دوملزمان کی مشروط طورپر درخواست ضمانت منطورکرلی۔ دورکنی بنچ نے ریلوے فراڈ کیس کے دونوں ملزمان کو ایک کروڑ 90لاکھ روپے کی نیب کوریکوری کروانے کے شرط پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید کاظم رضاشمسی اورجسٹس علی باقرنجفی پرمشتمل دورکنی بنچ نے ریلوے سے پگ آئرن سپلائی کرنے کے نام پر فراڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان ذیشان اورجواد احمد کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ ملزمان میسرز پاک سٹیل ٹریڈر کے پروپرائٹر ذیشان اورجی ایم جواد احمد کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ نیب نے ریلوے کے ساتھ پگ آئرن کے معاہدہ کے مطابق سپلائی نہ کرنے اور ریلوے کو 48ملین کا نقصان کے معاملے پر درخواست گزاروں سمیت 10سے زائد افراد کے خلاف نیب ریفرنس دائر کیا۔ وکیل کا کہناتھا کہ ملزم جواد احمد کا معاہدہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اورنہ ہی اس کے اکاؤنٹ میں کسی قسم کی رقم منتقل ہوئی جبکہ دوسرے ملزم کی جانب سے سابق وفاقی وزیرریلوے غلام احمد بلور سمیت دیگر افسران کو دوکروڑ ستر لاکھ روپے کی رشوت دی گئی جبکہ بقایارقم ایک کروڑ نوے لاکھ وہ سرکاری خزانے میں جمع کروانے کو تیارہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کہ جنوری 2014سے گرفتاردونوں ملزمان کو ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ نیب کے وکیل رانا عارف محمود نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان نیب تفتیش میں قصوروار ہیں۔ انہوں نے ریلوے کے ساتھ پگ آئرن کا معائدہ کیا۔ ایڈوانس رقم وصول کرنے کے باوجود مکمل سپلائی نہیں کی گئی اور جو سپلائی کی گئی وہ بھی غیرمعیاری تھی۔ انہوں نے عدالت سے درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو ایک کروڑ نوے لاکھ کی رقم نیب کو جمع کروانے کے عوض ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیدیا۔ 48ملین فراڈ کیس

مزید :

صفحہ آخر -