پاکستان علماء کونسل جمعہ کوملک بھر میں ’’یوم عہد تحفظ حرمین شریفین‘‘ منائیگی

پاکستان علماء کونسل جمعہ کوملک بھر میں ’’یوم عہد تحفظ حرمین شریفین‘‘ ...

لاہور(نمائندہ خصوصی ) جمعۃ المبارک 17اپریل کو پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ’’یوم عہد تحفظ حرمین شریفین و مملکت سعودی عرب‘‘ منایا جائے گا۔وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)سے منسلک ملک بھر کی74ہزار چھ سو سے زائد مساجد میں حرمین شریفین کے تحفظ کا عہد لیا جائے گا۔یوم عہد تحفظ حرمین شریفین کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے سات روزہ دورے پر روانگی سے قبل ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں جو کبھی ختم نہیں ہوسکتے۔مشرق وسطی کے انتشار کو پھیلاکرسعودی عرب اور حرمین شریفین کے امن کو تباہ کرنے کی سازشیں افسوسناک ہیں۔عالم اسلام کے مرکزکو کمزور کرنے کیلئے سازشیں کرنے والے گروہوں ،تنظیموں اور ان کی سرپرستی کرنے والے ممالک کیخلاف امت مسلمہ متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاز مقدس اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام سے کھیلنے کی کوشش کی گئی تو پورا عالم اسلام متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جولوگ پاکستان میں یمن اور سعودی عرب کے مسئلہ کو شیعہ سنی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں وہ اسلام اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں جو انتہائی قابل تشوش ہے ۔انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں کو حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ علماء کونسل

مزید : صفحہ آخر


loading...