کراچی سے گرفتار ہونیوالا معظم علی ،ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم نکلا

کراچی سے گرفتار ہونیوالا معظم علی ،ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(اے این این، آن لائن،آئی این پی )کراچی سے گرفتارکیاجانے والا معظم علی خان لندن میں ایم کیو ایم کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا مرکزی ملزم نکلا ہے اور وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق معظم علی خان کو ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل سے چار سال بعد ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا ، وہ چار سال اپنے گھر ہی میں رہا،اہل محلہ نے اس پورے عرصے میں گھر سے باہر کبھی نہیں دیکھا۔چودھری نثار علی خان نے پیر کے روز اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران فاروق کے قتل کا کیس صرف برطانیہ کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کیلئے بھی امتحان بنا ہوا تھا اور اس حوالے سے مختلف خبریں اور افواہیں گردش کررہی تھیں۔ یہ معاملہ سیاسی نہیں بلکہ ایک پاکستانی شہری کے برطانیہ میں دن دہاڑے قتل کا مسئلہ تھا اور ہماری حکومت اورقانون نافذ کرنے والے ادارے عمران فاروق کے قتل کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے کوشاں تھے ۔ حکومت نے اس حوالے سے برطانیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے ہمارے پاس جو معلومات تھیں وہ برطانوی حکومت اور سکاٹ لینڈ یارڈ کے ساتھ شیئر کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ اس کیس میں اب اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کا سہرا ہمارے سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کیس کے حوالے سے جن دو افراد کی بات کی جاتی تھی وہ انتہائی غریب لوگ تھے اور پہلی بار برطانیہ گئے تھے جہاں انہوں نے قیام کیا اور ہزاروں پاؤنڈ فیس بھی ادا کی ان افراد کو برطانیہ میں لے جانے کا بندوبست کرنے والا ایک اور معظم علی شخص تھا ۔جس نے ان دو افراد کو برطانیہ لے جانے ، وہاں ان کے کورسز کا بندوبست ، ویزوں کی فراہمی اور اخراجات سمیت تمام معاملات طے کیے تھے ۔ اسی شخص کے نام سے بنک میں پیسے جمع ہوتے رہے۔چنانچہ یہ شخص عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم تھا ۔کراچی سے گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے تحقیقات کیلئے ایک دو روز میں جے آئی ٹی تشکیل دے دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم معظم علی خان کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ٹارگٹ کلرز کا سہولت کار تھا، لندن میں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں زیر حراست دو اہم ملزمان کو ویزے دلوانے میں اہم کردار ادبا کیا۔ حساس اداروں نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزم معظم علی کو کراچی کے علاقے عزیز آباد سے گرفتار کیاجو ٹارگٹ کلرز کا سہولت کار تھا، اس نے کیس میں پکڑے گئے دو طلباء علم محمد کاشف اور محسن علی کو لندن بھیجا جو انتہائی غریب تھے، معظم علی کی کمپنی نے طالب علموں کے ویزے کیلئے برطانوی حکومت کو درخواست دی اور ان کا ویزہ لگوا کر برطانیہ بھیجا تھا۔ دونوں نے عمران فاروق کے قتل کے بعد معظم علی کے فون پر کال کی تھی، معظم علی نے 2010میں افتخار حسین سے بھی رابطہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے معظم علی خان کا ویڈیوبیان بھی ریکارڈ کرلیاجس میں اس نے عمران فاروق قتل کیس کے اہم ملزمان کاشف اور محسن علی کومالی امداد دینے کا بھی اعتراف کیاہے ۔پاکستانی حکام نے معظم کی گرفتاری سے متعلق سکاٹ لینڈ یارڈ کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ،ملزم کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب گرفتار کیاگیا۔معظم علی ڈاکٹر عمران فاروق قتل سے اب تک گزشتہ چار سال میں گھر میں ہی موجود رہااور وہ گھر سے باہر ہی نہیں نکلا ۔ اہل محلہ نے کہا کہ انہوں نے کئی سال سے معظم علی کو گھر سے باہر نہیں دیکھا۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل صوبائی حکومت کو کرتا ہے تاہم اس کیس کے بین الاقوامی اثرات بھی ہیں اس لئے ہم صوبائی حکومت سے درخواست کرینگے کہ وہ وفاقی اداروں کے حکام کو بھی تحقیقاتی ٹیم میں شامل کریں۔ وفاقی اداروں نے ہی اس کیس میں تحقیقات کی ہیں اور پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے بعد برطانیہ کے ساتھ تعاون میں مزید تیزی آئے گی۔ گرفتار ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -