اسلام دشمن قوتیں سعودی تعلقات میں دراڑیں ڈا لنا چاہتی ہیں ،حافظ سعید

اسلام دشمن قوتیں سعودی تعلقات میں دراڑیں ڈا لنا چاہتی ہیں ،حافظ سعید

لاہور(اے این این )امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے وزیر اعظم نواز شریف کے پالیسی بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کی مذمت اور یمن کے صدر منصور ہادی حکومت کی بحالی کا مطالبہ درست ہے۔سعودی عرب سے ہمارا تعلق ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ اسلام دشمن قوتیں پاک سعودی تعلقات میں دراڑیں ڈالنا چاہتی ہیں۔ ہمیں برادر اسلامی ملک کی کھل کر مددوحمایت کرکے ان سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے۔ وہ مرکز طیبہ مریدکے میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے پالیسی بیان سے ہر قسم کے ابہام کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے اہم سٹریٹیجک اتحادی ہونے کی بات بالکل درست ہے۔ سعودی عرب وطن عزیز پاکستان کے مسئلہ پر کبھی غیر جانبدار نہیں رہا اور ہر مشکل وقت میں مددکا حق ادا کیا ہے۔ اسی طرح پاکستانی قوم بھی سرزمین حرمین شریفین کا تحفظ اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے۔ پاک سعودی عوام کا تعلق کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے جسے کسی صورت ختم نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی کاروائی اپنے دفاع کیلئے ہے۔ اگر برادر اسلامی ملک حوثیوں کی بغاوت کچلنے کیلئے کاروائی میں تاخیر کرتا تو اس کے اپنے دفاع کیلئے بہت سے مسائل پیداہو سکتے تھے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حوثی قبائل کو منظم منصوبہ بندی کے تحت سعودی عرب کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے پروان چڑھایا گیااس لئے سعودی عرب کو یمنی باغیوں کے خلاف کاروائی کا پورا حق حاصل ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ دشمنان اسلام حرمین شریفین کے دفاع سے توجہ ہٹانے کیلئے اسے شیعہ سنی مسئلہ بنا کر پیش کر رہے ہیں ۔ یہ بہت بڑی سازش ہے۔حرمین شریفین کا تحفظ سیاسی یا اختلافی مسئلہ نہیں ‘ سعودی عرب کے دفاع کیلئے کردار ادا کرنا ہم سب کا دینی فریضہ ہے۔پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنی جان و مال، اولاد اور سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیارہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...