سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایف بی آر کا کرداربہت اہم ہے: عرفان اقبال شیخ

سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایف بی آر کا کرداربہت اہم ہے: عرفان اقبال شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف) کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایف بی آر کا کرداربہت اہم ہے۔ ایف بی آر نے پاک فوج سمیت مختلف ایجنسیز سے سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مدد طلب کی ہے، گزشستہ روز چیئر مین پیاف عرفان شیخ نے وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی کے ہمراہ ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سمگلنگ کا ناسور ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، جس سے ملکی معیشت کو تقریباً 22بلین روپے سالانہ نقصان کا سامنا ہے چیئرمین پیاف نے کہا کہ جس طرح ایف سی کی مدد سے بلوچستان میں سمگلنگ پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اسی طرح پنجاب میں بھی سمگلنگ پر قابو پایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت ملک میں سمگل شدہ اشیاء میں اضافہ ہو رہا ہے جس وجہ سے تاجر و صنعتکار پریشانی کا شکار ہیں حکومت اس سلسلے میں سمگلنگ روکنے کے لئے مناسب اقدامات کرے اور ایک جامع اور لانگ ٹرم پالیسی ترتیب دے ۔وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی نے کہا کہ حکومت سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کسٹم ڈیوٹی کی شرح میں کمی کرے تاکہ سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کی ہو سکے۔کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرکے تاجروں کو ریلیف دیا جائے ۔تاکہ سمگلر سمگلنگ چھوڑ کر حکومت کا ساتھ دیں اس سے ملکی معیشت میں اضافہ ہوگا اورجائز طریقہ سے برآمدات میں پاکستان کا ریونیو بھی بڑھے گا اور ملک خوشحالی و کامرانی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

مزید :

کامرس -