علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے،خواجہ سلمان رفیق

علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے،خواجہ سلمان رفیق

  

لاہور(جنرل رپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے جس کی تکمیل کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں کے طبی آلات اور بائیو میڈیکل مشینری کو فنکشنل رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور ہسپتالوں میں صفائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں پنجاب میڈیکل کالج و الائیڈ ہاسپیٹلز کی ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ،پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج فیصل آبادپروفیسر سردار فرید ظفر،ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر راشد مقبول،ایم ایس DHQ ہسپتال اور ایم ایس گورنمنٹ ہسپتال غلام محمد آبادفیصل آباد کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ (ایڈمن) راجہ منصور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میڈیکل کالج اور اس سے منسلک ہسپتالوں کی زیر التواء سکیموں کے علاوہ نئے پراجیکٹس کی بھی منظوری دی گئی۔سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں صفائی کے ساتھ حفظان صحت کا خصوصی خیال رکھا جائے اور مریضوں کے زیر استعمال ٹائلٹس کی صفائی یقینی بنائے جائے۔پانی کے پائپس کی لیکج نہ ہو۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور زیاد سے زیادہ وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقدامات اور کوششوں کا مقصد مریضوں کی بہتری ہے اور اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی افسر ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -