ملک بھر میں لبیک یار سول اللہ کانفرنسوں کا اہتمام کریں گے،اشرف آصف جلالی

ملک بھر میں لبیک یار سول اللہ کانفرنسوں کا اہتمام کریں گے،اشرف آصف جلالی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی)تحریک لبیک یارسول اللہ کی سپریم کونسل کا اہم ترین اجلاس جامع مسجد رحمۃ للعالمین لاہور میں زیر صدارت قائد اہلسنت ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ہوا جس میں شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی ،پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری ، مولانا غلام غوث بغدادی اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہر قیمت پر نظام مصطفی ﷺکا عملی نفاذ کرایا جائیگا اور اس کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ملک بھر میں ممبر شپ کا فیصلہ کیا گیا مرکزی شوری اور مرکزی عاملہ چند دنوں میں مکمل کی جائے گی اور صوبائی ومرکزی سطح پر لبیک یا رسول اللہ کانفرنسیں کی جائیں گی۔حکومت پاکستان کو نظام مصطفی ﷺکے حوالے سے 11نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ اور پیمرا کو انسداد فحاشی کے حوالے سے 7نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ آئندہ چند دنوں میں پیش کیا جائے گا اور حکومت اور پیمرانے مطالبات نہ مانے تو فیصلہ کن تحریک شروع کر دی جائے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ28اپریل کو کوٹلی آزاد کشمیر میں لبیک یارسول اللہ کانفرنس ہو گی اورسندھ ،پنجاب ،بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں صوبائی لبیک یارسول اللہ کانفرنسیں ہوں گی اور 20اگست کو مینار پاکستان لاہور میں کل پاکستان لبیک یارسول اللہ کانفرنس ہو گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد اہم ترین سیاسی فیصلے کیے جائیں گے اور علماء ومشائخ کے ساتھ ڈاکٹر ز ،تاجر ،وکلاء ،اساتذہ وطلبہ اور کسانوں ومزدوروں کو تحریک لبیک یارسول اللہ میں شامل کیا جائے گا اور روایتی انداز کی بجائے انقلابی انداز میں کام کرکے تمام اسلام دشمن قوتوں کو پسپا کر کے وطن عزیز کو نظام مصطفی کا گہوارہ بنا دیا جائے گا۔