کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے بیرون ممالک مواقع فراہم کر رہے ہیں، مسعود احمد

کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے بیرون ممالک مواقع فراہم کر رہے ہیں، مسعود احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ فیڈیشن باصلاحیت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے ساتھ ساتھ جدید اور اعلی معیار کی تربیت کیلئے دوسرے ممالک میں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ میں پاکستانی جوکر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کریگی۔ بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے شاہ حسین شاہ سمیت دیگر 2 باصلاحیت کھلاڑیوں کو کھیل میں مہارت حاصل کرنے کیلئے ازبکستان ٹریننگ کیلئے بھیجا ہے اور کوچز انہیں وہاں پر تربیت دے رہے ہیں۔ ازبکستان میں شاہ حسین شاہ ‘ سمیع اللہ اور قیصر خان آفریدی کو اپنے کھیل میں مزید نکھار لانے کیلئے وہاں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ 15 سے 17 اپریل تک ازبکستان کے شہر تاشقند میں کھیلی جائے گی جس کے ڈراز کا اعلان (آج) جمعرات کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن میں نامور قومی کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کیلئے دو ہفتے قبل ازبکستان بھجوایا ہے تا کہ وہ وہاں پر اپنے کھیل میں تیزی اور نکھار لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ جاپان میں تربیت حاصل کرتا رہا ہے تاہم ایرانی قومی جوڈو ٹیم کے کوچ سجاد کاظمی نے فیڈریشن کو مشورہ دیا تھا کہ جوڈو کا کھیل ابھی بہت فاسٹ ہو چکا ہے اس لئے انہیں ازبکستان تربیت کیلئے بھجوایا جائے ۔
جس پر فیڈریشن نے عمل کرتے ہوئے پانچ اپریل کو شاہ حسین شاہ، سمیع اللہ اور قیصر خان آفریدی کو ازبکستان بھجوایا جنہوں نے وہاں پر کوچز سے بھرپور تربیت حاصل کر لی ہے اور ان کے کھیل میں اب مزید بہتری بھی آ چکی ہے۔ مسعود احمد خان نے کہا کہ ایشیئن سینئر جوڈو چیمپیئن شپ جو (کل) جمعہ سے ازبکستان میں شروع ہو گی اس میں تینوں کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے امید ہے کہ ایونٹ میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس چیمپئن شپ میں شاہ حسین شاہ میڈل جیت لیتا ہے تو ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی جو برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز میں کوالیفائی کرنے کیلئے مدد گار ثابت ہوگی۔