او آئی سی کی کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن تصفیہ کی اپیل
جدہ (محمد اکرم اسد/ بیورو چیف) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے جموں و کشمیر پر رابطہ گروپ نے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیہ کی اپیل کی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیری عوام کو مسلسل تعاون کے عہد کا اعادہ کیا۔ رابطہ گروپ کے ارکان کا اجلاس استنبول میں ہوا۔ اس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، نائیجیریا، سعودی عرب، ترکی اور آزربائیجان کے وزراء شریک ہوئے، سیکرٹری جنرل ایاد مدنی نے جموں و کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے او آئی سی کی کاوشوں کا تعارف کراتے ہوئے یقین دلایا کہ او آئی سی جائز حقوق کے حصول کی خاطر کشمیری عوام کی جدوجہد کے حوالے سے تعاون پیش کرنے کے اصولی فیصلے پر قائم ہے اور رہے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رکن ممالک اصولی موقف کو عملی شکل دیں گے۔ کشمیری عوام کی مدد کے لئے موثر عملی تدابیر کریں گے۔ ایاد مدنی کا پیغام معاون سیکرٹری جنرل عبداللہ العالم نے پڑھ کر سنایا۔ اس میں انہوں نے ہندوستان کے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی نگرانی کے لئے انسانی حقوق کا خود مختار ادارہ قائم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ کشمیریوں کی سرگرمیوں کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوششیں ہورہی ہیں، ہمیں معلوم ہے کشمیری ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہیں اور وہ سب دہشتگردی کو انتہا درجے برا سمجھتے ہیں۔