منشیات فروشوں کی اینٹی نارکوٹکس فورس ٹیم پر فائرنگ،چار افراد گرفتار
لا ہور (اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے ) اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشی کی اطلاع پر کے بلاک سبزہ زار میں گھر پر چھاپہ مارا ، اس دوران گھر میں موجود افراد نے اے این ایف کی ٹیم پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اے این ایف ٹیم نے سبزہ زار کے بلاک میں منشیات فروشی کی اطلاع پر آفتاب شیزاری کے گھر پر چھاپہ مارا تو گھر میں موجود افراد نے اے این ایف ٹیم پر فائرنگ کردی جس سے گاڑی نمبراے این کے 175کو نقصان پہنچا جبکہ گاڑی میں موجود چار اہلکار خوش قسمتی سے بچ نکلے۔ بعدازاں اے این ایف ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی اور چار افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ 3افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سرچ آپریشن کے دوران اے این ایف نے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی جبکہ گھر سے لاکھوں روپے بھی قبضہ میں لے لئے گئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ میں خوف وہراس پھیل گیا ،لوگ گھروں سے باہر نکل ائے۔