جی سی یونیورسٹی میں ٹریفک آگاہی واک

جی سی یونیورسٹی میں ٹریفک آگاہی واک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں روڈ سیفٹی اینڈ ٹریفک آگاہی کے حوالے سے منعقدہ واک کی قیادت کی اور طلباء کو لیکچربھی دیا۔چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پردوسرے روز بھی سٹی ٹریفک پولیس کی موبائل لرنر وین نے جی سی یو نیورسٹی لاہور میں طلباء وطالبات کے ڈرائیونگ لرنرلائسنس بنائے ۔اٹلس ہنڈا کی معاونت سے جی سی یو میں ہونے والی واک میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ ،نیشنل سیفٹی مینجر اٹلس ہنڈا تسلیم شجاع دیگر اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر سی ٹی او نے کہا کہ طالب علموں میں ٹریفک شعور بیدار کرکے بہت مثبت نتائج حاصل کیئے جا سکتے ہیں۔


سی ٹی او نے کہا کہ آنے والے وقت میں نوجوان نسل نے ملک کی باگ ڈورسنبھالنی ہے جس کیلئے طالب علموں میں ٹریفک شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موبائل لائسنسنگ یونٹ مرحلہ وار شہر بھر کے تعلیمی اداروں میں اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ٹیسٹ اور میرٹ کی بنیاد پر بلا تاخیر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیئے جا رہے ہیں۔وائس چانسلر جی سی یو پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے کہا کہ چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ اورسٹی ٹریفک پولیس ٹیم کی آمد نہایت خوش آئند ہے جس سے طالب علموں کے ذہن میں سٹی ٹریفک پولیس بارے اچھا تاثر قائم ہوا۔عوام کو اس طرح کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے سے پولیس عوام دوستی کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے۔

مزید :

علاقائی -