اقتصادی ترقی کا براہ راست تعلق کراچی میں امن سے ہے آپریشن منطقی انجام تک پہنچا ئینگے :راحیل شریف

اقتصادی ترقی کا براہ راست تعلق کراچی میں امن سے ہے آپریشن منطقی انجام تک ...

کراچی ، راولپنڈی(این این آئی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کراچی آپریشن کی رفتار اور کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچا کر دملیں گے ، آپریشن کا مقصد کراچی کو دہشت سے پاک اور پر امن شہر بنانا ہے ، شہر کے سکیورٹی ماحول کو بہتر بنانے کے سلسلے میں رینجرز ،انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کامیابیاں اور قربانیاں لائق تحسین ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سکیورٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں کور کمانڈر ،ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ملٹری آپریشنز ، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس اور ڈی جی رینجرز نے شرکت کی۔ آرمی چیف کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے جانیوالے آپریشنز سمیت کراچی میں جاری آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آپریشن کی کامیابی اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے کراچی میں سکیورٹی ماحول بہتر بنانے کے سلسلہ میں رینجرز ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی غیر معمولی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا ۔ آرمی چیف نے سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل حمایت پر کراچی کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور اقتصادی سرگرمیوں کا براہ راست تعلق کراچی میں امن سے ہے ۔ اس لئے اس آپریشن کا مقصد کراچی کو دہشت سے پاک اور پر امن بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے حصول کو سامنے رکھتے ہوئے اس حوالے سے کی جانیوالی تمام کوششیں ایک مرکوز طرز فکر کے ساتھ کی جانی چاہئیں۔ قبل ازیں آرمی چیف نے بدھ کی صبح ایئر وار کورس کے اساتذہ ،شرکاء اور الائیڈ آفیسرز سے خطاب کیا ۔ انہوں نے موجودہ عالمی امور خطے کے سکیورٹی ماحول اور دہشتگردی کی لعنت کیخلاف ہماری جنگ کے حوالے سے اظہار خیال کیا ۔آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے اور ایسا ماحول قائم کریں گے جس سے ملک ترقی کی راہ گامز ن ہو سکے ۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب کے دوران آرمی کی مدد کے حوالے سے پاکستان ایئر فورس کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ فضائی اور زمینی افواج کی طرف سے آپریشن کے دوران ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں انتہائی قابل ستائش ہیں ۔

مزید : صفحہ اول