پاک ترک دوستی مفید معاشی تعاون میں بدل چکی ،مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ہونگے :شہباز شریف

پاک ترک دوستی مفید معاشی تعاون میں بدل چکی ،مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان کی یہاں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیااوردونوں ملکوں کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے مزید اقدامات اٹھانے پراتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان اوران کے وفد کے دیگر ارکان کو لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستانی عوام ترکی اور ترکی کے عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ سپیکر ترکش گرینڈ نیشنل اسمبلی کے دورے سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ پاکستان اورترکی کے مابین بھائی چارے اوردوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔ سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔پاکستان اورترکی کے عوام یکجان دوقالب ہیں اور ہر گزرتے لمحے دونوں ممالک کی حکومتوں اورعوام کے مابین تعلقات میں وسعت آرہی ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں دونوں ملکوں کے بابین دوستی کے رشتے مفید معاشی تعاون میں ڈھل چکے ہیں اور مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کے عوام کی خوشحالی کیلئے بے مثال کام کیا ہے اور شہبازشریف کی عوام کی بہتری کیلئے اصلاحات قابل تعریف ہیں۔ترکی کے سفیر بابر گرگن، اعلیٰ ترک حکام، ایم این اے پرویز ملک، صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ احمد حسان اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ترکی سیل کے سربراہ شوکت ہارون بھی اس موقع پر موجود تھے۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے صوبے شین ڈونگ کے نائب گورنرژاہ زنگ کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد کی آج یہاں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوااور چین کے صوبے شین ڈونگ اورپنجاب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ ہوا۔مشترکہ ورکنگ گروپ توانائی ،انڈسٹریل پارکس اوردیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے سفارشات دیں گے۔ملاقات کے دوران پنجاب اور شین ڈونگ کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا اوراس مقصد کیلئے معاہدے کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صوبے شین ڈونگ کے نائب گورنرژاہ زنگ کی قیادت میں وفدکو خوش آمدید کہتے ہیں۔پاکستان اورچین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے اورپاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے ۔جنگ ہویا امن ،سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے تحت چین پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے ۔سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔ چین کے صوبے شین ڈونگ کے نائبگورنرژاہ زنگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کا بہترین دوست ہے ۔چینی صدر کا پاکستان آمد پر جو پرتپاک استقبال کیا گیا وہ اپنی مثال آپ ہے ۔سی پیک سے مختلف شعبوں میں مزید تعاون بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اورشین ڈونگ کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے معاہدے کیے جائیں گے۔ڈی جی فارن افےئرزشین ڈونگ،چینی قونصل جنرل یوبورن اورچین کے صوبے شین ڈونگ کے اعلی حکام بھی ملاقات میں شریک تھے جبکہ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران،خواجہ احمد حسان ،چےئرمین منصوبہ بند ی و ترقیات،متعلقہ سیکرٹریز،کمشنر لاہور ڈویژن، چےئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈاور اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے فرانس کی پارلیمنٹ میں پاکستان فرانس فرینڈ شپ گروپ کے صدر سینیٹرپاسکل آلیزرڈ کی قیادت میں سینیٹرز کے وفد نے ملاقات کی،جس میں تعلیم،صحت ،توانائی خصوصاً قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے ،پینے کے صاف پانی،سینی ٹیشن اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورفرانس کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں اورفرانس نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس میں دہشت گردی کے بدترین واقعات قابل مذمت ہیں ۔پاکستانی قوم سیاسی و عسکری قیادت پوری قوت سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کی جنگ لڑ رہی ہے ۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان فرانس فرینڈ شپ گروپ کے صدرنے سینیٹرپاسکل آلیزرڈکی سانحہ گلشن اقبال پارک پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیااورکہا کہ معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پاکستان میں فرانس کی سفیر مارٹین ڈورنیس، سینیٹرزفرینک کوزی کارٹن ،پیٹریکا مورہٹ رچرڈ، پیری مچل ویٹتھلین اوردیگرشامل تھے ۔ صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

مزید : صفحہ اول