وزیر اعظم نواز شریف طبی معائنے کیلئے اہلیہ اور سٹاف کے ہمراہ نجی دورے پر لندن روانہ

وزیر اعظم نواز شریف طبی معائنے کیلئے اہلیہ اور سٹاف کے ہمراہ نجی دورے پر ...

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف طبی معائنے کیلئے اہلیہ اور سٹاف کے ساتھ نجی دورے پر 5سے 6روز کیلئے خصوصی طیارے پر لندن روانہ ہو گئے، روانگی سے قبل وزیراعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظررکھنے کی ہدایت کی اور پرنسپل سیکرٹری اور چیف سیکرٹری کو خصوصی ہدایات بھی جاری کیں جبکہ ڈاکٹر نے وزیراعظم کا طبی معائنہ بھی کیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیراعظم نواز شریف اہلیہ کلثوم نواز، 2 ذاتی ملازموں اور اپنے اسٹاف کے ہمراہ لاہور کے علاقہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہو گئے ۔ وزیراعظم ایک ہفتے کے نجی دورے پر لندن جا رہے ہیں جہاں وہ اپنا طبی معائنہ کرائیں گے اور پھر وطن واپس آجائیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف رائے ونڈ میں واقع اپنی رہائش گاہ جاتی امراء سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں ان سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ چوہدری نثار نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور پاناما لیکس کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور ملکی سیاست پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزراء کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور پرنسپل سیکرٹری، چیف سیکرٹری کو خصوصی ہدایات بھی جاری کیں جبکہ ڈاکٹر نے وزیراعظم کا طبی معائنہ بھی کیا۔

لاہور(اے این این )مریم نواز نے وزیراعظم نواز شریف کی اپنی والدہ سے ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کر دی ۔ ٹویٹر پر جاری کی گئی تصویر میں وزیراعظم نواز شریف لندن روانگی سے قبل اپنی والدہ کے ہاتھ چوم اوراپنی آنکھوں کو لگا رہے ہیں ۔ مریم نواز شریف کی طرف سے یہ ٹویٹ بھی کیا گیا ہے کہ شریف فیملی کسی بھی حوالے سے دباو کا شکار نہیں ہے اور اپنے خلاف ہونے والی تمام تر سازشوں کے باوجود متحد ہے۔ مریم نواز کے مطابق ماں نے دعا دے کر وزیراعظم کورخصت کیا جبکہ میرے والد دادی کے ہاتھ چوم کر لندن کے لئے روانہ ہوئے۔

مزید : کراچی صفحہ اول