پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کا مل کر حکومت مخالف تحریک چلانے پر اتفاق

پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کا مل کر حکومت مخالف تحریک چلانے پر اتفاق

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کے معاملے پر بھرپور تحریک چلانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کر دئیے ، جہانگیر ترین اور چوہدری سرور نے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کر کے مشاورت کی جس میں دونوں جماعتوں نے مل کر چلنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاسی جماعتوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ شریف فیملی نے لندن میں اپنے فلیٹس کو بچانے کیلئے 45ملین پاؤنڈ جرمانے کی مد میں ادا کئے ۔ نواز شریف اور شہباز شریف 70ء کی دہائی سے لیکر 2000ء تک پانچ ہزار یا دس ہزار ٹیکس دیتے رہتے ہیں ۔ اگر ان کا کاروبار منافع نہیں کما رہا تھا تو پھر انہوں نے لاکھوں پاؤنڈز کی کہاں سے ادائیگی کی ۔ جہانگیرین ترین نے کہا کہ عوامی تحریک کے رہنماؤں سے سارے معاملے پر بات ہوئی ہے اور تمام فیصلے مشاورت سے کریں گے ۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شریف خاندان کے چار اراکین پارلیمنٹ میں ہیں لیکن 2013ء میں الیکشن کمیشن کو جو گوشواروں داخل کرائے گئے اس میں کسی بھی بیرونی جائیداد کا ذکر تک نہیں ۔

اتفاق

مزید : صفحہ آخر