کراچی ،ہیٹ اسٹروک کیس ،مختلف اداروں نے رپورٹس جمع کرادیں

کراچی ،ہیٹ اسٹروک کیس ،مختلف اداروں نے رپورٹس جمع کرادیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں مختلف اداروں نے ہیٹ اسٹروک سے متعلق کیس کی سماعت پر رپورٹس جمع کرادی ہیں ۔کمشنر کراچی کی رپورٹ کے مطابق متوقع ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے ۔جبکہ محکمہ صحت کے مطابق کراچی کے 6اضلاع میں 171ابتدائی طبی امداد کے مراکز قائم کیے جارہے ہیں ۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں ہیٹ اسٹروک سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر کمشنر کراچی اور محکمہ صحت کی جانب سے رپورٹس جمع کرائی گئیں ۔کمشنر کراچی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے مختلف تنظیموں کی جانب سے 500سبیلیں لگائی جائیں گی جبکہ کے الیکٹرک کو لوڈشیڈن کم سے کم کرنے اور واٹربورڈ اور اسپتالوں کو بلاتعطل بجلی سپلائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق 1796بستروں پر مشتمل 171ابتدائی طبی امداد کے مراکز قائم کیے جارہے ہیں ۔محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے شرقی میں 17،غربی میں 50،جنوبی میں 28،وسطی 38،ملیر میں 22جبکہ کورنگی میں 16طبی امداد کے مراکز قائم کیے جائیں گے ۔ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر 688ایمبولینسز فعال ہوں گی ۔اس کے علاوہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو 20,20لاکھ روپے بھی فراہم کیے جارہے ہیں ۔سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی ۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15اپریل تک ملتوی کردی ۔