جائز کاروبار کرنے والوں کو آف شو رکمپنی بنانے کی ضرورت نہیں ہوتی ،طاہر القادری
ٹورنٹو(اے این این ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے لندن جانے کا معاملہ طبی معائنے کا نہیں بلکہ پاناما لیکس کا ہے اور اب وہ معائنہ نہیں پورا علاج کرائیں گے۔کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے ویڈیو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاناما لیکس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے جب کہ مختلف ممالک کے وزرائے اعظم بغیر کسی کمیشن کے مستعفی ہوئے ہیں لیکن وزیراعظم نواز شریف الزامات کا جواب دینے کے بجائے لندن چلے گئے اور وہ وہاں بیکٹیریا صاف کرنے گئے ہیں جن کی واپسی پر جتنے کمیشن بنالیں لیکن کوئی بیماری نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کا سوئس اکاؤنٹس میں پڑے 200 ارب ڈالر سے گہرا تعلق ہے، وزیراعظم لندن سے پاناما لیکس پر سوالات کا دستایزی ثبوت لائیں گے لیکن سب کو معلوم ہے کہ جائز کاروبار کرنے والوں کو آف شو رکمپنی بنانے کی ضرورت نہیں ہوتی اور چور ڈکیت لوگ ہی آف شور کمپنی بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لندن میں ون ہائیڈ پارک کی لیز حسن نواز کے نام سے کی گئی ہے جس کی ادائیگی 21 مارچ کو ہوئی، اگلے چند دنوں میں وزارا کو نئے دلائل اورنئے اعداد و شمار مل جائیں گے جس پر حکمران جماعت بات کرے گی، پاکستان میں آئین اور قانون کب طاقتور ہوگا، ایف آئی اے اور نیب سیاست سے پاک ہوتے تو حکمران برطرف ہوچکے ہوتے۔