شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دینگے، آئی جی پنجاب پولیس

شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دینگے، آئی جی پنجاب پولیس

  

رحیم یار خان (بیورو نیوز ) آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمنوں ، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑ رہے ہیں ۔ آپریشن ضرب آہن میں ڈاکوؤں کا جانی نقصان بھی ہوا ہے اور ہمارا جوان بھی شہید ہوا آپریشن جاری رہے گا ۔ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے آپریشن ضرب آہن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔ یرغمال اہلکاروں کی باحفاظت بازیابی ممکن بنائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او ذیشان اصغر ، ڈی سی او ظفر اقبال اور ایس پی عرفان سموں کے ہمراہ راجن پور ایلیٹ فورس کے جوان قاضی عبید شہید کی صادق شہید پولیس لائن میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب آہن پوری تیاری اور پلاننگ کے بعد شروع کیا گیا اور اس کے لئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں ۔ ملک بھر میں پولیس سمیت پوری قوم اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے لڑ رہے ہیں جن کا ٹارگٹ دہشت گرد ، شر پسند ، ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر و گروہ ہیں ۔ آپریشن ضرب آہن میں تیس سے پنتیس کلو میٹر کت ایریا میں کیا جا رہا ہے جس میں ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کے چاروں اطراف پانی ہے جس کا انہیں ایڈوانٹیج حاصل ہے اس میں ڈاکو بھی مارے گئے اور ہمارا بھی جانی نقصان ہوا ہے لیکن ہم اس جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے ۔ اس موقع پر نماز جنازہ پولیس لائن مسجد کے خطیب و امام حافظ خدا بخش نے پڑھائی جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بعد ازاں ڈی پی او ذیشان اصغر ، ڈی سی او ظفر اقبال ، ایس پی عرفان سموں ، اے ایس پی یو ٹی فاروق احمد ، ڈی ایس پی سٹی فیاض پنسوتہ ، ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن چوہدری اظہر اقبال ، ایس ایچ او بی ڈویژن شبیر احمد ، انچارج سکیورٹی حسن اقبال و دیگر نے شیخ زید ہسپتال میں زخمی اہلکاروں ایاز احمد ، سعید احمد اور حق نواز کی عیادت کی اور ان کی بہادری کی تعریف کی اور ان کے علاج معالجے کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -