شارٹ فا ل 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ، لوڈ شیڈنگ میں اضافہ
لاہور(کامرس رپورٹر)گرمی کی شد ت میں قدرے اضافہ کے ساتھ ہی ملک بھر میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ اور پیداوار میں کمی سے شارٹ فال میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کادورانیہ بڑھا دیا گیا۔واضح رہے کہ شارٹ فال میں اضافہ کا تمام بوجھ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں پر ڈالا گیا ہے بڑے شہروں میں مرمت کے نام پر بجلی کی بندش بڑھائی گئی ہے ۔ گرمی کی شد ت میں اضافہ کے باعث ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی سے پیداوار میں کمی ہوئی ہے ۔ ارسا نے تربیلا سے پانی کا اخراج کم کرکے 51600کیوسک جبکہ منگلا سے 25000 کیوسک کر دیا ہے ۔ پی ایس او کی جانب سے تھرمل اورآئی پی پیز کو ان کی مطلوبہ ڈیمانڈ کے مقابلہ میں آدھی سپلائی دی جا رہی ہے جس کے باعث تھرمل اور ائی پی پیز کی پیداوار ایک سطح پر برقرار ہے ۔ ڈیمانڈ میں اضافہ اور پیداوار میں کمی سے شارٹ فا ل چھ ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے گزشتہ روز پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے وقت ہر دو سے ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔جس سے شہریوں اور کاروباری افراد کو مسائل اور مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔گزشتہ روز پاور سپلائی کمپنیوں کی جانب سے شہروں میں مجموعی طور پرآٹھ سے دس گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔
لوڈ شیڈنگ