کوہاٹ کے علاقہ بورکہ میں سرچ آپریشن 27 مشتبہ گرفتار

کوہاٹ کے علاقہ بورکہ میں سرچ آپریشن 27 مشتبہ گرفتار

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے علاقہ بورکہ میں سرچ آپریشن کے دووران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے خطرناک اشتہاری مجرم سمیت 27مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پانچ گھنٹے جاری رہنے والی کاروائی میں درجنوں گھروں کی تلاشی لی گئی اور نان رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ شہر اور مضافاتی علاقوں میں مشتبہ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور آپریشن کے اس تسلسل میں صدر سرکل پولیس نے نواحی گاؤں بورکہ میں بدھ کی صبح اچانک کاروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور ٹارگٹڈ گھروں کی تلاشی کے دوران سرقہ عام کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم حیات ساکن ہنگو سمیت 27مشتبہ و جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،دو ریپیٹر،تین رائفل ،چار بندوق،تین پستول ،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اورسات چارجرزبرآمد کرلئے ۔پولیس نے گرفتار افراد کو فوری طور پر تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کردیا جہاں ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔آپریشن کے دوران پولیس نے علاقے میں واقع کرایہ کے درجنوں گھروں کو چیک کیا اور مقامی تھانے سے رجسٹریشن کے بغیر کرایہ کے گھروں میں مقیم دو افراد کے خلاف مقدمات قائم کرلئے ۔حساس ادارے کی نشاندہی پر سرچ آپریشن کی اس کاروائی میں ایس ڈی پی او صدر سرکل حمید اللہ بلوچ اور ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین کے علاوہ چار تھانوں کے ایس ایچ اوز ،کوئیک رسپانس فورس،خواتین پولیس ،بارودی مواد کا پتہ لگانے والی کھوجی کتوں وبم ڈسپوذل سکواڈاور بھاری پولیس نفری نے حصہ لیا۔

مزید : پشاورصفحہ اول