امریکی سفیر ڈیوڈہیل کی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات

امریکی سفیر ڈیوڈہیل کی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے آج اسلام آباد میں وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات کی۔ جس کا مقصد صحت کے شعبے میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا تھا۔ وزیر قومی صحت نے صحت کے شعبے میں پاک امریکہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ اور روک تھام کے حوالے سے جاری تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہو گا ۔ انہوں نے ویکسین مینجمنٹ کو پاکستان میں بین الاقوامی سطح پر استوار کرنے کے حوالے سے امریکی ادارہ USAID کے تعاون کو سراہا۔ اور کہا کہ پاکستان کے ویکسین منیجمنٹ سسٹم کی تصدیق آئی ایس او سے کی جا چکی ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عالمی معیار کا ویکسین ڈیٹا سسٹم پاکستان کے 83 اضلاع میں موجود ہے جس کو تمام ضلعوں میں پھیلانا ہو گا۔ وزیر صحت نے اسلام آباد میں صحت کے اعداد و شمار کے خصوصی مرکز کے قیام کے حوالے سے امریکی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے صحت شعبے میں پالیسی سازی اور منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پولیو کے حوالے سے بڑے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہا ہے اور اب پولیو وائرس کی افزائش کو ختم کرنے کے قریب ترہے۔ پاکستان میں دوا سازی کے سیکٹر کے حوالے سے وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں 600 مقامی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور اس حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں ادویات کی ایک جامع پالیسی کا اجراء کیا ہے۔ جس میں صوابدیدی اختیار کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی ایکسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مراعات دی گئی ہیں جس کے نتیجے میں اس شعبے کو تقویت ملے گی۔ امریکی سفیر نے وزیر صحت سے وبائی امراض کی روک تھام اور عالمی صحت کے سیکورٹی ایجنڈا پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پولیو کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی کوششوں کو سراہا۔