تعلیم کے ہتھیار سے بڑے چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے،شمس سواتی

تعلیم کے ہتھیار سے بڑے چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے،شمس سواتی

  

راولپنڈی(نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے ہم اپنے طلبا ء و طالبا ت کو آراستہ کر کے بڑے سے بڑے چیلنج سے نمٹ سکتے ہیں ۔ پاکستان کو درپیش موجودہ مسائل سے نکلنے کا واحد حل تعلمی میدان میں ترویج وترقی اور پیش رفت ہے ۔ تعلیم کی افادیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے بڑے بڑے دعوے تو کیے جارہے ہیں لیکن اگر طبقاتی نظام کو ختم کر کے یکساں نظام تعلیم رائج نہ کیا گیا تو حالات مزید ابتر ہونگے ۔ حکومت تعلیمی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے دانشمندانہ فیصلے کرے جس سے نہ صرف غریب بھی اچھے سکول میں تعلیم حاصل کر سکے بلکہ امیر اور غریب کے بچے میں تعلیمی مقابلے کی فضا بھی قائم ہو اور نفسیاتی کمتری بھی ختم ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹرانگ بیس ماڈل سکول کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرنے ہوئے کیا۔ تقریب میں معروف سماجی رہنما و کالم نگار شہزاد سلیم عباسی ، جنرل کونسلر حاجی بشارت اور زبیر منصوری سمیت والدین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔ اس موقع پرچیئرمین یو سی 20 سید ابرارشاہ نے کہا کہ تعلیم کی افادیت سے انکا ر نہیں کیا سکتا اور قوموں کی ترقی و برتری کا راز بھی تعلیم ہے۔ پرنسپل ادارہ سعید الرشید عباسی نے کہا کہ تعلیمی مقابلے جات ہوں یا غیر نصابی سرگرمیاں ہوں ہر میدان میں اسٹرانگ بیس کے طلباء میدان مارتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بھر کے اُردو تقریری مقابلے میں اسماء سعید عباسی نے ارد و تقریری مقابلے میں پہلی اور مہک آفتاب نے انگلش تقریر ی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے شائقینِ تقریب سے خوب داد وصول کی۔ اسی طرح تلا وت میں اسٹرانگ بیس کی نبیلہ گل نے پہلی، نعت میں اقصیٰ قادر نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آج اس اینول ڈے کا بنیادی مقصد طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ سال بھر محنت کر کے پوزیشن لینے والوں کو خوب سراہا جائے ۔ انہوں نے طلباء سے خطاب میں کہا کہ ملک و قوم کی ترقی آپ طلباء سے ہی جڑی ہے اور آپ طلباء کی علم و ہنر میں ترقی ہی آپکی کامیابی کا راز ہے اور ملک وقوم کا بہتر مستقبل بھی اس میں پوشیدہ ہے ۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں شیلڈز ، تمغے، اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -