تہذیبوں کی بقاء اور ارتقاء کا عمل تعلیم میں مضمر ہے ،ضلع ناظم ڈیرہ

تہذیبوں کی بقاء اور ارتقاء کا عمل تعلیم میں مضمر ہے ،ضلع ناظم ڈیرہ

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ضلع ناظم عزیزاللہ خان علیزئی نے داخلہ مہم میں’’ہربچہ سکول میں‘‘کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہرقوم ایک باپ کی طرح اپنی تشنہ خواہشات کی تکمیل اپنے بچوں میں تلاش کرتی ہے۔اس لئے ہرقوم کی امیدوں اور امنگوں کا مرکز و محور بچہ ہوتاہے۔ سکول سے باہر ہربچہ کوسکول میں لانے کیلئے صوبائی حکومت مشینری اورویژنری جذبہ کیساتھ کام کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اپنے تمام ممبران کیساتھ مل کربچوں کوسکولوں میں داخل کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے ساتھ کندھے سے کندھاملاکرچلے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول نمبرچار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنذیرخٹک‘عبدالحفیظ‘ضمیراحمد‘چوہدری ظریف اورمحمدیعقوب بابڑنے بھی خطاب کیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محکمہ تعلیم نذیرخٹک نے کہاکہ کسی قوم کاتشخص اس کے مذہب اورعلم ہی سے تعبیر کیاجاتاہے۔تہذیبوں کی بقاء اورارتقاء کاعمل تعلیم میں ہی مضمرہے۔انہوں نے سول سوسائٹی‘کونسلرز‘ناظمین‘میڈیا کے نمائندوں‘علماء اورخطباء سے اپیل کی کہ تعلیم کی اہمیت اوربچوں کوسکولوں میں داخلہ کیلئے ہماراساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ضلع بھرمیں کوئی سکول چاردیواری‘گروپ لیٹرین کی بنیادی سہولت کے بغیر نہیں ہے۔آج سرکاری سکولوں کامعیار پرائیویٹ سکولوں سے بہترہے۔تمام سکولوں کانصاب انگلش میڈیم میں ہے۔میرٹ پرشفاف بھرتی کاعمل این ٹی ایس کے ذریعے ہے جبکہ حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی میں چھ کمروں اورچھ ٹیچرز کی تعیناتی کاعمل شروع ہورہاہے۔اس کے بعدتمام اساتذہ کرام محکمہ تعلیم کے افسران اورضلع ناظم نے عوام میں شعورکوبیدارکرنے کیلئے گورنمنٹ پرائمری سکول بستی ترین تک واک بھی کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -