اقلیتی برادری کے مسائل حل کئے ہیں،سردار سورن سنگھ

اقلیتی برادری کے مسائل حل کئے ہیں،سردار سورن سنگھ

  

پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امورسردار سورن سنگھ نے بیساکھی کے موقع پر تمام سکھ برادری کومبارک باد دی ہے جبکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بھی اپنے ایک پیغام میں تمام سکھ برادری کو بیساکھی کے موقع پرمبارک باد دی ہے ۔ اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سردار سورن سنگھ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اقلیتی برادری کی فلاح کے لئے موثر کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے بیساکھی کے موقع پر گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں تمام مہمانان گرامی جن میں بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتری اورپورے پاکستان کے علاوہ مختلف ملکوں سے آئی سکھ برادری شامل ہے کے لئے سکیورٹی کے تمام اتنظامات کیئے ہیں۔انہوں نے بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کو پاکستان آمدپردلی کی گہرایوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کاخیال رکھا جاتاہے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیاجاتاہے اور تمام برادریاں آپس میں خوشیاں تقسیم کرتی ہیں اورایک دوسرے کی خوشی اورغم میں برابر کی شرکت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں اقلیتی برادری کی بہتری کے لئے حکومت نے کافی اقدامات کیئے ہیں خاص طورپر اقلیتی برادری کابھر تی کاکوٹہ 1 فیصد سے بڑھا کر 3 فیصد کیاگیا ہے۔ تمام صوبے میں مندر، گردواروں اورر گرجاگھروں کے تحفظ کے لئے خصوصی سکیورٹی دی گئی ہے اورپہلی باراقلیتی برادری سے کمیونٹی پولیس میں بھرتی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کے لئے خصوصی فنڈز مہیا کیئے گئے ہیں اور ان کی ترقی کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -