ریلوے ایڈوائزری کمیٹی کو بحال کیا جائے ،ضیاء الحق سرحدی
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور کی ریلوے اور ڈرائی پورٹ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمین ٗ فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ خیبر پختونخوا (ایف سی اے جی)کے صدر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی (ایف پی سی سی آئی)کی کسٹم ایجنٹس سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین اور آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن(اے پی سی اے اے ) کے وائس چیئرمین ضیاء الحق سرحدی نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور چیئرمین ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے ایڈوائزری کمیٹی کو بحال کیا جائے اور ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات پر ٹرینوں کا ٹائم ٹیبل اور کرایے تبدیل کئے جائیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریلوے حکام نے عوامی ایکسپریس پشاور سمیت دیگر ٹرینوں کا ٹائم ٹیبل اور ان کی آمدورفت کے اوقات تبدیل کردیئے ہیں جس سے عوام سمیت بزنس کمیونٹی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے ایڈوائزری کمیٹی فعال تھی اور ٹائم ٹیبل سمیت کرایوں اور دیگر معاملات پر کمیٹی کے اراکین سے مشاورت کی جاتی تھی اور باہمی مشاورت سے تمام معاملات کا لائحہ عمل مرتب کیا جاتا تھا لیکن اب ایڈوائزری کمیٹی کی عدم فعالیت کی وجہ سے ریلوے حکام بغیر مشاورت کے از خود تمام معاملات چلا رہے ہیں جس سے ریلوے کو فائدہ ہونے کی بجائے نقصان کا اندیشہ ہے ۔ ضیاء الحق سرحدی نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اورسیکرٹری/چیئرپرسن ریلوے پروین آغااورچیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے محمد جاوید انور بوبک سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام بالخصوص بزنس کمیونٹی کے مفادات کے پیش نظر فوری طور پر ریلوے ایڈوائزری کمیٹی کو بحال کرکے فعال بنائیں اور ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بلا کر ٹرینوں کی آمدورفت کے اوقات کار اور اور کرایوں میں تبدیلی کا فیصلہ کریں۔