بچوں کے ہاتھوں سے اینٹیں لیکر کتابیں پکڑانا حکومت کا خواب ہے، نوازش علی

بچوں کے ہاتھوں سے اینٹیں لیکر کتابیں پکڑانا حکومت کا خواب ہے، نوازش علی

ملتان(سٹی رپورٹر ) سیکرٹری محنت وافرادی قوت پنجاب نوازش علی نے کہا ہے کہ بچوں کی جبری مشقت کو ختم کر کے انہیں قوم کا حقیقی معمار بنانا حکومت پنجاب کا عزم ہے۔ ننھے ہاتھوں سے اینٹیں لے (بقیہ نمبر27صفحہ7پر )

کر ان میں کتابیں پکڑانا خادم اعلیٰ شہباز شریف کا خواب ہے جس کی تعبیر میں ہم کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محنت و افرادی قوت نے 3ڈویژنوں بہاولپور، ملتان اورڈیرہ غازیخان کے افسران پر مشتمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نوازش علی نے کہا کہ بھٹوں پر کام کرنے والے تمام بچوں کو ہر صورت سکول میں رجسٹر کیا جائے تاکہ ملک صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ سیکرٹری محنت و افرادی قوت نے کہا کہ نادرا کے ذریعے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو جلد ازجلد قومی شناختی کارڈز مہیا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام ضلعی حکومت نادرا دفاتر، بھٹہ مالکان، متعلقہ یونین کونسل کے سیکرٹریز اور بھٹہ مزدوروں کی باہمی تعاون سے ہی ممکن ہوسکے گا۔ سیکرٹری نے محکمہ لیبر کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ از خود تمام معاملات کی نگرانی کریں اور بھٹہ مالکان سے مل کر ہفتہ وار رپورٹ انہیں پیش کریں۔ ڈائریکٹر لیبر نے سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک شناختی کارڈ کے لیے کل 53502 درخواستیں موصول کی گئی ہیں جن میں 21032 قومی شناختی کارڈ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ملتان ڈسٹرکٹ میں کل 559 بھٹے موجود ہیں جن میں 434 بھٹے آپریشنل ہیں۔ ان بھٹوں پر 9667 مزدور کام کر رہے ہیں ان مزدوروں کے 8162 بچوں میں سے 4587 بچوں کو سکول داخل کر لیا گیا ہے

مزید : ملتان صفحہ آخر