میپکو کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا، مسلسل کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے شہریوں کا جینا محال
ملتان،خانیوال،وہاڑی،چوٹی زیریں،صادق آباد (وقائع نگار،نمائندگان)ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی کا بدترین بحران جاری ہے۔میپکو نے ملتان شہر کے بجلی صارفین کی راتوں کی نیندیں حرام کردیں۔رات بارہ بجے سے صبح7بجے کے درمیان ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی بند اور مچھروں کی بھرمار نے شہریوں کا سکھ چین چھین لیا۔حکومت اور وزارت بجلی کی دعوؤں کے باوجود لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق (بقیہ نمبر7صفحہ12پر )
نہیں کی جارہی ہے۔گزشتہ روز بھی ملتان شہر کے مختلف علاقوں شاہ رکن عالم کالونی کے بلاکوں میں مسلسل5گھنٹے بجلی بند کی گئی اور بعد میں شام گئے تک کم وولٹیج رہے جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خانیوالسے ڈسٹرکٹ رپورٹرکے مطابق گرمی کے شروع ہوتے ہی محکمہ واپڈا نے بے بسی کی انتہا کردی ساری رات بجلی کا غائب ہونا معمول بنتا جارہا ہے جس کی وجہ سے ساری رات بچے بوڑھے پریشان ہیں۔وہاڑی سے بیورو رپورٹ+تحصیل رپورٹرکے مطابقبجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دن بدن بڑھنے لگا ، جس سے لوگو ں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا عوامی وسماجی اور شہری حلقوں ابرار سلیم ، زاہد رفیق، اکرم علی ،شہباز ، محمد سلیم ، عبدالرشید، ایم صادق ابراہیم ، کا شف علی ودیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہو تے ہی بجلی کی کھپت میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہونے لگا ہے۔لہٰذا حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جا ئے۔چوٹی زیریں سے نامہ نگارکے مطابق چوٹی شہر میں 18گھنٹے سے زائد لوڈشیدنگ کا سلسلہ جار ی ۔چھوٹے دوکاندار جن میں درزی۔ہوٹل مالکان۔موبائل شاپ۔جوس کارنر شاپ کا کاروبار طویل لوڈشیدنگ سے ٹھپ ہو کر رہ گیاہے۔میپکو کی طرف سے لوڈشیدنگ کا شیڈول ہونے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔شہریوں نعیم چنگوانی، سہیل اخترچنگوانی،مستری دین محمد ،احسان ناول،نجف علی ببر،حبیب الرحمن چنگوانی ودیگر نے حکومت سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیاہے۔صادق آباد(تحصیل رپورٹر)شہر میں صبح مسلسل 8 گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ ‘ تاجروں اور شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ‘میپکو کی طرف سے طویل لوڈ شیڈنگ کی نہ تو کوئی وجوہات بتائی جاتی ہیں اور نہ ہی صارفین کو آگاہ کیاجاتا ہے۔اس ظلم کیخلاف چیف ایگزیکٹو میپکو فوری نوٹس لیں ان خیالا ت کا اظہار خالد سلیم‘ افتخار حنیف‘ احسان الحق اسد‘ حاجی احمد نواز چیمہ‘ سجاد وڑائچ‘ ندیم عباس چیمہ‘ چوہدری منیر احمد‘ اکبر علی پہلوان ‘ میاں عمران ستار‘ ابو عمر محمدی نے اخبا ر نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہاکہ صبح کام کے اوقات کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ آٹھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باعث تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان جبکہ دیہاڑی دار غریب طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔