20رکنی چینی تجارتی وفد کا ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس کا دورہ
لاہور(کامرس رپورٹر) چینی صوبہ ہیبی کے شہر ہنڈن کے کاروباری 20رکنی وفد نے ہنڈن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مسٹر ہو زینگ من نے کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا اور ریجنل چےئرمین و نائب صدر ایف پی سی سی آئی منظورالحق ملک کی زیر صدارت کاروباری برادری سے ملاقات کی۔جس میں دوطرفہ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے کئی امور زیربحث آئے ۔اس موقع پر ریجنل چےئرمین و نائب صدر ایف پی سی سی آئی منظورالحق ملک نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا بڑا ٹریڈ پارٹنر ہے دونوں ممالک میں متوازن تجارتی حجم کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان کی چین سے امپورٹ بڑھتی جار ہی ہے اور ایکسپورٹ کم ہو رہی ہے۔پاکستانی کاروباری برادری کوایف پی سی سی آئی اور ٹریڈ باڈیز کی سفارش پر فوری چین کا ویزا مل جانا چاہیے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان امن، بھائی چارہ اور تجارت بہت وسیع ہے ۔ سی پیک جیسا میگا پروجیکٹ جس کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کو بہت سی مصنوعا ت ایکسپورٹ کرتا ہے جن میں چمڑا، چمڑے کی مضنوعات، خام اون، کپڑا،سوتی کپڑا، کپڑے کی مصنوعات ، چینی، مچھلی،راب، خام کرومیم کے علاوہ پٹرولیم اور پٹرولیم کی مصنوعات شامل ہیں۔
اور پاکستان چین سے کافی چیزیں درآمد بھی کرتا ہے جن میں صنعتوں کی مشینری ، پارٹس، کیمیکلز ، بجلی کی مصنوعات،فارماسوٹیکل پروڈکٹس، رنگ ، ربر، لوہا، سٹیل، خام روئی اور پلاسٹک پروڈکٹس شامل ہیں۔اس موقع پر ہنڈن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مسٹر ہو زینگ من نے ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چےئرمین و نائب صدر منظورالحق کے ساتھ ایک قرارداد پاس کی جس کا مقصد ویزے میں آسانی اور باہمی تجارت کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔ ہندن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مسٹر ہو زینگ من نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور کو چین کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چین میں کیمیکل اور سٹیل کے شعبے میں جوائنٹ وینچر کے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے پاکستانی کاروباری افراد استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ چین پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چینی تاجر پاکستان کو سرمایہ کاری کر نے کے لحاظ سے ایک پر کشش ملک سمجھتے ہیں ۔ دونوں ممالک باہمی تجارت کے فروغ کیلئے سنجیدہ ہیں اور مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کے خواہ ہیں۔اجلاس کے آخر میں نائب صدر و ریجنل چےئرمین ایف پی سی سی آئی منظورالحق ملک نے ہندن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مسٹر ہو زینگ من کو ایف پی سی سی آئی کی شیلڈ بھی پیش کی ۔