جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں لاہور میں فٹ بال میچ کھیلنے کوتیار

جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں لاہور میں فٹ بال میچ کھیلنے کوتیار

  

لاہور (سپورٹس رپو رٹر) دنیا کی معروف فٹ بال ٹیموں کے درمیان لاہور میں میچ کرانے کیلئے کام شروع ہوگیا ، جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں لاہور میں فٹ بال میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئیں ، عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر مقابلے میں شریک ہونگے ،میچ کوعالمی میڈیا براہ راست دنیا بھر میں ٹیلی کاسٹ کریگا ، جرمنی میں معاہدے پر دستخط ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جرمنی میں مقیم معروف پاکستانی نڑاد جرمن شہری سید خرم کی مارکیٹنگ کمپنی اور جرمنی اور برازیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت جرمنی اور برازیل کے ماضی کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں پاکستان کے شہر لاہور میں فٹ بال کا نمائشی میچ کھیلیں گی۔ میچ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سید خرم نے بتایا کہ اس میچ سے پاکستان کا امیج پوری دنیا میں تبدیل ہوکر رہ جائیگا اور عالمی برادری اور کروڑوں کی تعداد میں فٹ بال کے شائقین کو پاکستان کی اصل تصویر دیکھنے کو ملے گی۔سید خرم نے کہا کہ اس میچ کے انعقاد کے لیے تینوں مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، میچ 2018کے اوائل میں منعقد کیا جائیگا ۔سید خرم کے مطابق وہ عنقریب لاہورجائیں گے اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو اس منصوبے کے حوالے سے پریزنٹیشن دیں گے تاکہ حکومت پنجاب کو اس منصوبے پر آن بورڈ لیا جاسکے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -