د ہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلافمذہبی و سیاسی قائدین کو ایک ہونا ہو گا،طاہر محمود اشرفی

د ہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلافمذہبی و سیاسی قائدین کو ایک ہونا ہو گا،طاہر ...

  

لاہور (پ ر)انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مذہبی و سیاسی قائدین کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی ۔ داعش جیسے فتنوں نے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچایا ہے ۔ ترکی ، پاکستان اور سعودی عرب کا عالم اسلام کیلئے اہم کردار ہے ۔ مسلم ممالک کا عسکری اتحاد مسلم ممالک سے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا ضامن ہو گا۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی طرف سے دوسری پیغام اسلام کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط فوج اور عوام کی وجہ سے پاکستان کو شام عراق بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوئیں۔پاکستان کی فوج نے عوام کے تعاون سے آپریشن ضرب عضب کر کے پوری دنیا کے امن کو یقینی بنایا ۔

آج پاکستانی فوج اور سلامتی کے ادارے آپریشن رد الفساد میں مصروف ہیں، جس کی کامیابی سے پاکستان مکمل محفوظ ریاست بن جائے گی ۔ شیخ الحدیث ممتاز محقق ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے کہا کہ اسلام اعتدال کا دین ہے اور اسلام کے پیغام اعتدال کو پوری دنیا تک پہنچانا علماء اور مفکرین کی ذمہ داری ہے ، علماء کو کسی قسم کی مصلحت اور خوف کے بغیر اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا تک پہنچانا چاہیے ۔ سعودی وزیر مذہبی امور کے مشیر خاص ڈاکٹر راشد الزاہرانی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں کوئی خرابی نہیں پیدا کر سکتا، سعودی عرب اور پاکستان کا امن اور استحکام ایک ہے ، پاکستانی قوم اور فوج نے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو شکست دی ہے ۔ ارض حرمین الشریفین کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے سعودی عرب کی قیادت منظم اور متحد ہے ۔ جس طرح پاکستان نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو شکست دی ہے اسی طرح سعودی عرب نے عاصفۃ الحزم کے ذریعے عرب ممالک کے امن سے کھیلنے والوں کو شکست سے دو چار کیا ہے ، سعودی وزارت مذہبی امور کے مشیر ڈاکٹر طلال العقیل نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں مظلوم مسلمانوں کی ترجمان بنی ہے ۔ سعودی عرب کی قیادت اور عوام میں پاکستان اور پاکستان کے علماء کیلئے ایک خاص مقام ہے ۔ ہم پیغام اسلام کانفرنس کی کامیابی پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ صدر ترکی کے نمائندے کاشف نے کہا کہ امن اور سلامتی کیلئے پاکستان علماء کونسل کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ترکی اور پاکستان میں خود کش حملے کرنے والے ناکام ہوں گے ، بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والوں سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ عشائیہ سے مولانا عبد الحمید وٹو، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا ادریس قاسمی ، مولانا طاہر عقیل ، قاری ممتاز ربانی ، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -