ایران میں آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے نتائج دشمنوں کو مایوس کر دیں گے،صدر حسن روحانی کا نوجوان طلباء اور اساتذہ کے اجتماع سے خطاب
تہران (اے پی پی) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران میں آئندہ ہونے والے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے نتائج دشمنوں کو مایوس کر دیں گے۔ارنا نیوز کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے شمالی صوبے مازندران کے شہر نوشہر میں نوجوان طلباء اور اساتذہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 19 مئی کو ہونے والے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کا سب سے اہم موضوع عوام کی پولنگ اسٹیشنوں پر وسیع پیمانے پر موجودگی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ایک دن کا ہوتا ہے لیکن یہ ملک کے مستقبل کے لئے تقدیر ساز اور فیصلہ کن ہوتا ہے۔ حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی تاریخ میں بیشمار ایسے دن اور واقعات آئے اور رونما ہوئے ہیں کہ جن کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، کہا کہ ایرانی عوام ایسے کارنامے انجام دینے کی توانائی رکھتے ہیں جو دین اسلام کی عزت و عظمت کا باعث ہیں۔