امریکی صدر تارکین کی تکلیف سمجھنے کیلئے پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کریں ،ملالہ

امریکی صدر تارکین کی تکلیف سمجھنے کیلئے پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کریں ،ملالہ

  

نیویارک(اے این این ) نو بیل امن ایوارڈ سمیت کئی عالمی انعامات کی حامل پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شامی پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کرلیں تاکہ ان لوگوں کی تکالیف اور مسائل کو درست طور پر سمجھ سکیں۔کینیڈین ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ٹرمپ کی جانب سے مسلم اکثریتی ممالک پر سفری پابندیوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کرلیں تو ایسا کوئی حکم نامہ جاری نہ کریں۔ میں ان کیمپوں میں جاچکی ہوں اور ان لوگوں کو دیکھ چکی ہوں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ جاننا ضروری ہے کہ پناہ گزین کیمپ میں زندگی کیسی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے امن کا عالمی سفیر مقرر کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز انہیں کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی جاچکی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -