سیاسی جماعت کوئی بھی ہو، ایمانداری سے کام کر کے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے: پیر سید عمران حیدر زیدی

سیاسی جماعت کوئی بھی ہو، ایمانداری سے کام کر کے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا ...

  

لاہور (انٹرویو: دیبا مرزا/ تصاویر: ندیم احمد) پیر سید عمران حیدر زیدی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت وقت کی اہم ضرورت ہے، کوئی بھی سیاسی جماعت ایمانداری سے کام کرے تو ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔ پانامہ کیس کے فیصلہ سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، عمران خان اگر آصف زرداری کو کاپی کریں تو ان کے سیاسی شعور میں بہتری آئے گی، کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کا فیصلہ بالکل درست ہے اس سے عالمی طاقتوں کو واضح پیغام جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں بہتری صرف اسی صورت میں آسکتی ہے کہ جب سیاستدان ایمانداری سے کام کریں، ایمانداری سے فرائض کی انجام دہی سے ہی ملکی حالات تبدیل ہوں گے، اقتدار میں چاہے کوئی بھی سیاسی جماعت ہو لیکن عوام سے محبت اور رشوت خوروں کے خاتمہ سے ملک میں بہتری لائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کی وجہ سے اگرچہ تحریک انصاف نے ن لیگ کو ٹف ٹائم دیا ہے لیکن اب اس کے فیصلے سے ملک کی سیاست میں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ابھی سیاست میں منجھے ہوئے نہیں ہیں، اگر وہ آصف علی زرداری کو کاپی کریں تو ان کے سیاسی شعور میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری کی سیاست سے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے۔ اگر ہمارے ملک میں بہتری ہے تو وہ صرف ہماری ایجنسیوں کی وجہ سے ہے اور انہی کی وجہ سے ملک میں استحکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دور میں آصف علی زرداری کو مشکلات میں کمی واقع ہوگی ۔کلبھوشن یادیو کے سزائے موت کے حوالے سے پیر عمران حیدر زیدی نے کہا کہ سزائے موت کا فیصلہ وقت کے لحاظ سے بالکل درست ہے، اس سے عالمی طاقتوں کو واضح پیغام جائے گا اور ہماری ملکی سالمیت میں مزید بہتری آئے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -