قومی وطن پارٹی کی سیاست کا محور و مقصد غریب عوم کی ترقی و خوشحالی ہے :آفتاب شیر پاؤ

قومی وطن پارٹی کی سیاست کا محور و مقصد غریب عوم کی ترقی و خوشحالی ہے :آفتاب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )چےئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیر پاوٗ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی ملک بھر کے غریب عوام بالخصوص محنت کشوں اور متوسط طبقے کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر بلا کسی امتیاز لڑ رہی ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ، پسماندگی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی سیاست کا محور و مقصد غریب عوام کی ترقی و خوشحالی ہے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ انتخابات میں ہم پر عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا تھا ہم اُس پر پورے اُترے ہیں اور آئندہ بھی عوام کی بلا امتیاز خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا جس میں راولپنڈی کی با اثر سیاسی و سماجی شخصیات خالد محمود، ظفر بٹ ، بابر شہزاد ایڈوکیٹ ، محمد سعید اکبر اور نعیم گل درانی نے اپنے عزیر و اقارب اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تقریب سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر خیات خان شیرپاوٗ، صوبائی وزیر محنت انیسہ زیب طاہر خیلی اور ایم پی اے معراج ہمایون نے بھی خطاب کیا جب کہ اس موقع پر پارٹی کے ممبرفیڈرل کونسل اختر منیر او دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب احمد خان شیر پاوٗ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ملک کی تمام اکائیوں کے ساتھ یکساں اور انصاف کے اُصولوں کے مطابق سلوک کر نا چاہئیے اور تمام اکائیوں کو ان کے حقوق آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر مکمل طور پر دینے چاہےئے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے ساتھ وفاق کی جانب سے جو رویہ اپنایا جا رہاہے وہ انصاف پر مبنی نہیں اور اس سے صوبوں کے عوام میں غیر یقینی کی صورتحال اور بدگمانیاں پیدا ہو رہی ہیں جو کہ فیڈریشن کیلئے نیک شگون نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق تمام صوبوں کو وسائل کی تقسیم، سی پیک اور ترقیاتی منصوبوں میں اپنا برابر حصہ دے تاکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ ہو اور وفاق کو مذید مضبوط بنایا جاسکے۔ آفتاب احمد خان شیرپاوٗ نے ملک میں بلاک شناختی کارڈز کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے اور اگر اس مسئلے کو پس پشت ڈالا گیا تو خدشہ ہے کہ لاکھوں افراد آنے والے انتخابات میں اپنے حق رائے دہی سے محروم رہ جائینگے۔انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ تمام صوبوں میں بجلی لوڈشیدنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے کیونکہ کسی ایک صوبے کو فوقیت دینا باقی اکائیوں سے سراسر زیادتی ہوگی اور اس اقدام سے بے چینی پھیلے گی۔ انہوں نے کلبھوشن کی سزا کے حوالے سے انڈیا کی طرف سے مچائے جانے والے واویلا کو بلا جواز قرار دیا اور کہا کلبھوشن کو تمام قانونی تقاضے مدنظر رکھتے ہوئے سزا دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے عمل میں آئی ڈی پیز اور سمندر پار پاکستانیوں کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے پولیس اور پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی اپنے ان اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ ہوگی جنہوں نے ہماری اگلی نسل کی خفاظت کیلئے قربانیاں دیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے حصہ لیگی اور عوام ہم پر اعتماد کا اظہار کرینگے۔